0
Sunday 23 Jun 2019 20:27

جماعت اسلامی قبائلی اضلاع میں اپنے انتخابی نشان کیساتھ میدان میں اترے گی، سینیٹر مشتاق احمد خان

جماعت اسلامی قبائلی اضلاع میں اپنے انتخابی نشان کیساتھ میدان میں اترے گی، سینیٹر مشتاق احمد خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا و سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ مذہبی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) ختم ہوچکی ہے اور جماعت اسلامی قبائلی اضلاع میں اپنے انتخابی نشان کے ساتھ میدان میں اُترے گی۔ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام جنوبی اضلاع کے کارکنان کے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے قبائلی اضلاع میں فوج کو الیکشن کے انتظامات کے نوٹیفیکیشن کی شدید مذمت کرتے ہیں، کیونکہ اس سے فوج کا کردار متنازعہ بنایا جارہا ہے اور فوج پر اُنگلیاں اٹھیں گی، لہٰذا حکومت قبائلی اضلاع میں پولیس اور لیویز فورس کی سکیورٹی میں انتخابات کروائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت گذشتہ چار حکومتوں کا ملغوبہ ہے، اس میں پرویز مشرف، (ق) لیگ، پیپلز پارٹی اور نواز شریف حکومت کے وزراء شامل ہیں، انہی گذشتہ حکومتوں کی پالیسیاں چلائی جارہی ہیں، دین اور دینی شعائر کا مذاق اڑایا جارہا ہے، عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جارہا ہے اور ان پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھایا جارہا ہے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف میں جا کر ملک کی آزادی اور خودمختاری کو داؤ پر لگا دیا ہے، یہ بجٹ حکومت کا بنایا ہوا نہیں بلکہ آئی ایم ایف کا بنایا ہوا ہے، ملک کے وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے ملازم ہیں۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کے خلاف احتجاج کا آغاز کرچکی ہے لیکن یہ احتجاج کسی کے باپ کو چھڑانے کیلئے نہیں بلکہ عوام کی مشکلات ختم کرنے کیلئے ہے، یہ احتجاج مقامی سطح سے شروع ہوکر صوبائی سطح پر ہوگا اور پھر اسلام آباد میں دھرنا ہوگا۔ انہوں نے موجودہ بجٹ کو عوام کش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ غریبوں کا نہیں ٹیکسوں کا بجٹ ہے، وزیراعظم اور وزراء پہلے خود ٹیکس ادا کریں پھر عوام سے مطالبہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 801102
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش