0
Thursday 27 Jun 2019 22:51

فوج کا آئینی کردار سرحدوں کی حفاظت ہے، سیاست نہیں، اعجاز ہاشمی

فوج کا آئینی کردار سرحدوں کی حفاظت ہے، سیاست نہیں، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں اور اعلامیہ کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے قوم کی ترجمانی کی ہے، عوام اس وقت حکومتی اقدامات سے سخت پریشان اور مشتعل ہیں۔ مہنگائی نے غریب آدمی کے ساتھ متوسط طبقے کو بھی پیس کر رکھ دیا ہے، نااہل اور مسلط کردہ حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو قوم کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ افسوسناک یہ بھی بات ہے کہ اختر مینگل کے حکومت نے چھ مطالبات پورے نہ کئے تو انہوں نے پوزیشن سے رجوع کیا، ان کے مطالبات کو اے پی سی کے اعلامیے میں بھی شامل کیا گیا، مگر عین وقت پر وہ دوبارہ حکومت کے بہکاوے میں آگئے اور بجٹ منظور کروانے کیلئے اے پی سی کی بجائے حکومت کیساتھ جا بیٹھے۔ دیکھیں نیا لولی پاپ بلوچ رہنما کیلئے کب تک جاری رہتا ہے، چونکہ 10 ماہ تک تو حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف وفود سے ملاقاتوں میں کیا۔ پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ حکومت غریبوں سے آخری نوالہ چھیننے کیساتھ ملکی معیشت کی تباہی کا منصوبہ بھی بنا چکی ہے۔

آئی ایم ایف کے کارندے گدھ کی طرح نہ صرف پاکستانی معیشت کا بیڑہ غرق کر رہے ہیں، بلکہ عوام کا گوشت نوچ اور خون چوس رہے ہیں۔ جب سے موجودہ حکومت نحوست بن کر ملک پر مسلط ہوئی ہے، عوام کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہی نہیں بلکہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ بھی پریشان کن ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز کی 52 اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، اسے واپس لیا جائے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ 25 جولائی 2018 کے انتخابات قوم کی تباہی کا پیغام لے کر آئے، جن کے ذریعے پاکستان کے عوام پر ایک کھوکھلی حکومت کو مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ہونیوالے انتخابات میں موجود خوف کی فضا کو ختم کیا جائے، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا کرے اور فوج اپنے آئینی کردار تک محدود رہے۔ فوج کا آئینی کردار سرحدوں کی حفاظت ہے، سیاست میں فوج کا کوئی کردار نہیں، یہ کام سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کا ہے، انہیں آزادانہ طور پر کرنے دیا جائے، جمہوری عمل میں مداخلت قابل مذمت اور شرمناک ہے۔
خبر کا کوڈ : 801792
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش