0
Friday 28 Jun 2019 18:55

اے پی سی نشستند، گفتند اور برخاستند کے سوا کچھ نہیں تھی، سنی اتحاد کونسل

اے پی سی نشستند، گفتند اور برخاستند کے سوا کچھ نہیں تھی، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی کھال اتارنے اور اے پی سی والے اپنی کھال بچانے میں مصروف ہیں۔ اے پی سی نشستند، گفتند اور برخاستند کے سوا کچھ نہیں تھی۔ چوکیدار چور اور رہبر رہزن بن چکے ہیں، حکمران آتش فشاں کے دہانے پر پکنک منا رہے ہیں، معاشی بحران کے خاتمے کیلئے اسلام کا معاشی نظام اپنایا جائے، بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی ملک کیلئے زہر قاتل ہے، ملک غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، قوم حکومت اور اپوزیشن دونوں سے مایوس ہے، چیئرمین سینٹ کی تبدیلی لا حاصل مشق ہو گی۔ عوام کے مسائل کی کسی کو فکر نہیں، کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، عمران خان سے وابستہ امیدیں مایوسی میں بدل چکی ہیں۔

نیا پاکستان بنانے کا دعوی کھوکھلا ثابت ہوا، حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے انقلابی اور فوری اقدامات کرے، حکمران غریبوں کو نہیں غربت کو ختم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی کارکنان اور عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قرضوں کے ذریعے زیادہ دیر ملک کو نہیں چلایا جا سکتا، حکومت اپوزیشن کی تجاویز کی روشنی میں بجٹ میں تبدیلیاں کرے، حکومت میثاق معیشت کیلئے اپوزیشن سے مزاکرات کرے، ملک کو معاشی بحران سے نکالنا حکومت، اپوزیشن، فوج اور عدلیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، خراب معیشت ملکی سالمیت کیلئے شدید خطرہ ہے، معیشت کے ون پوائینٹ ایجنڈے پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، حکومت اپنے رویہ میں لچک پیدا کرے اور اپوزیشن کیساتھ افہام و تفہیم کی فضا پیدا کرے کیونکہ ملک کسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، سیاسی عدم استحکام ملکی مفاد میں نہیں۔
خبر کا کوڈ : 801955
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش