0
Monday 15 Jul 2019 11:30

آزادکشمیر، وادی نیلم میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلے میں درجنوں افراد لاپتہ

آزادکشمیر، وادی نیلم میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلے میں درجنوں افراد لاپتہ
اسلام ٹائمز۔ وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہو گئے اور درجنوں افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ آزادکشمیر کے علاقے لیسوا میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جس سے موصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا اور موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل ہو گئیں۔ سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آ کر کئی مکانات بہہ گئے اور متعدد افراد لاپتہ ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر نیلم، ایس ڈی ایم اے اور پولیس کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور متاثرہ علاقے میں نقصانات کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر آپریشن سعید الرحمن قریشی نے کہا ہے کہ سیلابی ریلے میں درجنوں افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاع ہے اور متعدد گھر تباہ ہوئے ہیں، نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، لاپتہ افراد کی تعداد کا تعین اور تلاش کا کام شروع کر دیا گیا ہے، تبلیغی جماعت کے کچھ افراد بھی لاپتہ ہونے والوں میں شامل ہیں۔ سعید الرحمن قریشی نے مزید کہا کہ دو گھروں پر آسمانی بجلی گری ہے اور دو مساجد بھی سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آئی ہیں جہاں موجود لوگ پھنس گئے ہیں۔ دوسری جانب کامسر ڈونگاکس کے مقام پر مسافر جیپ دریائے نیلم میں جا گری جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ جیپ میں ایک بچی سمیت چھ افراد سوار تھے۔ مقامی پولیس کے مطابق حادثے میں پانچ افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 805102
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش