0
Friday 19 Jul 2019 11:37

قبائلی اضلاع انتخابات، جنوبی وزیرستان میں اے این پی کے امیدوار پر حملہ

قبائلی اضلاع انتخابات، جنوبی وزیرستان میں اے این پی کے امیدوار پر حملہ
اسلام ٹائمز۔ جنوبی وزیرستان میں اے این پی کے امیدوار تاج وزیر کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں وہ بال بال بچ گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق تاج وزیر کی گاڑی پر فائرنگ گذشتہ شب کیڈٹ کالج وانا کے قریب کی گئی۔ ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے گاڑی پر گولیاں لگیں۔ تاج وزیر نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار میری گاڑی کا پیچھا کر رہے تھے اور گاڑی نہ روکنے پر انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ تاج وزیر نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع میں انتخابات کیلئے انتظامیہ اور دیگر ادارے مخصوص امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں اور ہمارے پاس اسلحہ تک نہیں چھوڑتے، نہتے چھوڑ دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ قبائلی اضلاع میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کل یعنی 20 جولائی کو ہونے جارہے ہیں۔

قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے ایک ہزار 897 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 554 کو انتہائی حساس اور 461 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین اور حساس قرار دیا گیا ہے۔ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز میں فوج کے جوان تعینات کئے جائیں گے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے ہمزونی علی خیل گاوں میں بم ڈسپوزل پارٹی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ ہوا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بم حملے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ بم حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 805743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش