0
Tuesday 23 Jul 2019 15:46

پاکستان کی ایٹمی تنصیبات کے قریب سے ڈرون طیارہ برآمد

پاکستان کی ایٹمی تنصیبات کے قریب سے ڈرون طیارہ برآمد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے اپنی ایٹمی تنصیبات کے نزدیک سے ایک ڈرون طیارہ برآمد کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چاغی کے علاقہ نوکنڈی سے نگرانی کرنے والا جاسوس طیارہ برآمد ہوا ہے۔ ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق ڈرون طیارہ نوکنڈی کے قریب سے برآمد ہوا۔ طیارہ بالکل ٹھیک حالت میں ہے اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ ذرائع کے مطابق طیارہ مبینہ طور پر کسی فنی خرابی کی وجہ سے اس علاقے مین اتر گیا تھا۔ محکمۂ داخلہ کے اہلکار کے مطابق ڈرون پر بعض تحریر شدہ الفاظ سے یہ بظاہر ہوتا ہے کہ اس ڈرون کا تعلق پڑوسی ملک سے ہے، تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سرحدی علاقے میں بالکل ٹھیک حالت میں کسی ڈرون طیارہ ملنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے 2017ء میں پنجگور کے علاقے میں پاکستان کی جانب سے ایک ڈرون طیارے کو مار گرایا گیا تھا۔

اس وقت پاکستانی حکام نے کہا تھا کہ پاکستانی طیارے نے اس لیے ڈرون کو نشانہ بنایا کیونکہ اس پر کوئی نشان نہیں تھا اور اس پرواز کی اس سے پہلے کوئی معلومات بھی فراہم نہیں کی گئی تھیں۔ یاد رہے کہ چاغی پاکستان کے لیے بہت اہم مقام ہے۔ اس علاقے میں پاکستان کی اہم دفاعی اور ایٹمی تنصیبات ہیں اور پاکستان کے دشمنوں کی نظر اس علاقے پر ہے، اس لیے پاکستانی فورسز بھی اس علاقے کی خصوصی حفاظت کو پیشِ نظر رکھ کر انتظامات کرتی ہیں۔ اب بھی ایک بغیر پائلٹ کے طیارہ چاغی سے برآمد کیا گیا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 806583
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش