0
Wednesday 24 Jul 2019 08:17

عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے، شیخ حمام حمودی

عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے، شیخ حمام حمودی
اسلام ٹائمز۔ عراق کی اسلامی سپریم کونسل کے رہنما اور آزادکشمیر کا دورہ کرنے والے عراقی پارلیمانی وفد کے سربراہ شیخ ڈاکٹر حمام حمودی نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کے ذریعے کشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایوان صدر مظفرآباد میں آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حمام حمودی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے اور کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں کی شکل میں کشمیری عوام سے کر رکھا ہے۔ اسلامی سپریم کونسل کے رہنما نے مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطہ میں ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دیرپا امن ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کشمیر ایک خوبصورت علاقہ ہے لیکن یہاں کے عوام مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے مصائب اور مشکلات کا شکار ہیں، ہماری خواہش ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو تاکہ اس خوبصورت خطہ زمین کے لوگ امن چین سے زندگی بسر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے وفد کے ارکان دورہ آزادکشمیر کے دوران یہاں کے لوگوں کے ساتھ مل کر تنازعہ کشمیر اور اس کی مختلف جہتوں کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔ عراقی پارلیمانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ اُن کی حکومت، پاکستان، آزادکشمیر اور عراق کے درمیان تعلیم، صحت، زراعت اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کی خواہش مند ہے۔ سردار مسعود خان نے عراقی وفد کے سربراہ اور عراقی اسلامی سپریم کونسل کے رہنما کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیری عوام کے موقف کی بھرپور حمایت پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 806699
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش