0
Wednesday 24 Jul 2019 19:23
میڈیا میں بیٹھے سپاہی پاکستان کی یکجہتی کیلئے ریاست کیساتھ کھڑے ہیں

سندھ میں بچے غربت و ایڈز سے مر رہے ہیں اور نہیں مرا تو بھٹو نہیں مرا، فردوس عاشق اعوان

سندھ میں بچے غربت و ایڈز سے مر رہے ہیں اور نہیں مرا تو بھٹو نہیں مرا، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سندھ میں بچے غربت اور ایڈز سے مر رہے ہیں، لیکن نہیں مرا تو بھٹو نہیں مرا، ذرائع ابلاغ کے معاملات نمٹانے کیلئے 'میڈیا کورٹس' قائم کرنے جا رہے ہیں، جلد ایک ڈیجیٹلائزیشن پالیسی متعارف کرائی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا میں بیٹھے سپاہی پاکستان کی یکجہتی کیلئے ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، ریاست کا بیانیہ عوام تک پہنچانے میں شراکت دار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز کو مسائل کا سامنا ہے، تاہم ان کی جائز شکایات کا ازالہ بھی ہونا چاہیے، مسائل حل ہوں گے تو ان کے گھر کا چولہا جلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٓاجر اور اجیر کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کیلئے پالیسی بنا رہے ہیں، جس سے میڈیا ورکرز کے مسائل حل اور مالکان کی مشکلات کم کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ نئی ایڈورٹائزنگ پالیسی لائی جا رہی ہے جس پر جلد علمدرآمد کیا جائے گا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا پر بھارتی میڈیا صف ماتم بچھائے ہوئے تھا، بھارتی میڈیا وار میں پی بی اے دفاعی کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ سوشل میڈیا پیمرا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، سماجی اور اخلاقی اقدار کے تحفظ کیلئے اداروں سے رائے لے رہے ہیں، ڈیجیٹلائزیشن چینلز کی گنجائش کے مسئلے کا حل ہے، جلد ایک ڈیجیٹلائزیشن پالیسی متعارف کروانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کورٹس کے قیام کی تجویز ہے، جو صرف میڈیا کے معاملات دیکھے گی، میڈیا کورٹس سے شکایات کا فوری ازالہ ہو سکے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ چاہتے ہیں جائز ضروریات پر پی بی اے کے تحت میڈیا ورکرز سے رائے لیں، میڈیا ورکرز کو نکالنے کے مسئلے کے حل کیلئے طریقہ کار چاہتے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ نیوز سمیت 58 نئے چینلز کو لائسنس دیئے گئے، نئے لائسنس چینلز کی بڈنگ پر حکومت کو 5 ارب حاصل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میڈیا کو اپنا پارٹنر سمجھتے ہیں، ہم اپنا حکومتی نہیں بلکہ قومی بیانیہ رکھ کر میڈیا کو پارٹنر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے چینلز سے میڈیا انڈسٹری میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت میڈیا ورکرز کی تنخواہوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گھوٹکی میں قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں سرکاری مشینری استعمال کی گئی، تحریک انصاف کو ہرانے کیلئے کروڑوں روپے کی مہم چلائی گئیں، اندرون سندھ میں بچے غربت اور ایڈز سے مر رہے ہیں اور نہیں مرا تو بھٹو نہیں مرا۔
خبر کا کوڈ : 806831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش