0
Friday 26 Jul 2019 11:38
بارشوں اور سیلاب کاخطرہ، پاک فوج کا ہنگامی مرکز قائم

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ جبکہ کوہاٹ، بنوں،  ڈی آئی خان، ژوب، قلات، سبی، نصیر آباد، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں تیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں جبکہ جمعہ سے ہفتہ کے دوران ژوب، قلات اور ڈی جی خان ڈویژن میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریاوٰں، برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں  پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ اس دوران لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور پشاور ڈویژن کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ  ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

گزشتہ روز راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ اور کوہاٹ ڈویژن میں چند مقامات پر  تیز ہواوٗں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران چند مقامت پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔ ملک بھر میں ہونی والی موسلادھار بارش کے باعث  اکثر علاقوں میں بجلی غائب ہے اور کئی نشیبی علاقے زیر آب گئے ہیں۔ حالیہ بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد پچپن سے تجاوز کر گئی ہے، دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، ژوب، قلات اور پشاور میں مزید بارشوں سے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے مون سون کے بادل کراچی کا رخ کریں گے،  شہرقائد سمیت سندھ اور بلوچستان میں بارشیں ہوں گی۔ دوسری جانب کمانڈر الیون کور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلادھار اور تیز بارشوں اور سیلاب کے خطرے کی پیشنگوئی کے پیش نظرپاک فوج کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے جس کی روشنی میں پشاور میں آرمی ایمر جنسی فلڈ کنٹرول سنٹر قائم کردیا گیا ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کے ساتھ بھی اس سلسلے میں ضروری رابطہ کاری کی گئی ہے۔ پاک فوج کی سپیشل غوطہ خور ٹیم کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ کسی ہنگامی صورتحال میں آرمی ایمر جنسی فلڈ کنٹرول سنٹر پشاور کے ساتھ فون نمبر 091-9213076 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے نے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، سوات اور چترال میں ممکنہ سیلابی ریلے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 807125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش