1
Wednesday 31 Jul 2019 12:35

ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مسجد قاسم علی خان کمیٹی کا اجلاس کل طلب

ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مسجد قاسم علی خان کمیٹی کا اجلاس کل طلب
اسلام ٹائمز۔ ماہ ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے جامع مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل منعقد ہوگا، جس میں چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہونے کی صورت میں کمیٹی 11 اگست کو عیدالاضحٰی منانے کا اعلان کر دے گی۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت جامع مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل یکم اگست کو بعد نماز مغرب منعقد ہوگا جس میں ماہ ذی الحجہ کے چاند سے متعلق شہادتیں وصول کی جائیں گی۔ کمیٹی کے رکن مولانا حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ چونکہ ہماری کمیٹی کے مطابق ماہ ذی قعدہ کی یکم اگست کو 29 تاریخ ہوگی اس لئے کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں اگر ماہ ذی الحجہ کا چاند دیکھنے سے متعلق شہادتیں موصول ہوگئیں تو اس صورت میں 11 اگست کو عید کا اعلان کر دیا جائے گا، تاہم اگر شہادتیں موصول نہ ہوئیں یا پھر شرعی اعتبار سے درست نہ ہوئیں تو اس صورت میں عید 12 اگست کو کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔ مولانا حسین احمد مدنی نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت، مرکزی رویت ہلال کمیٹی یا وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے بات کرنے کے خواہاں ہیں تو وہ ہر فورم پر جانے کیلئے تیار ہیں، لیکن مسئلہ یہ ہے ان کی بات سنی بھی جائے تو اس کو درخواعتنا نہیں سمجھا جاتا۔ مرکزی حکومت معاملات کو درست ٹریک پر لانا چاہتی ہے تو انہیں ہماری بات پر کان بھی دھرنا ہوگا اور اطمینان سے اس سلسلے میں کام بھی کرنا ہوگا، ورنہ یہ صورتحال یونہی برقرار رہے گی۔ واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو منعقد ہو رہا ہے جبکہ ماہرین فلکیات نے بھی عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 808104
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش