0
Saturday 3 Aug 2019 19:15

سینیٹ الیکشن سے اپوزیشن کو اندازہ ہو گیا ان کی جیب میں کھوٹے سکے ہیں، اعجاز ہاشمی

سینیٹ الیکشن سے اپوزیشن کو اندازہ ہو گیا ان کی جیب میں کھوٹے سکے ہیں، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ہونیوالی ووٹنگ میں ضمیر فروشی، جمہوری روایات کا قتل اور ہارس ٹریڈنگ کی بدترین مثال ہے۔ دو پارٹی سسٹم اور جمہوریت کی تباہی کا راستہ بنایا گیا ہے۔ ایسے ہتھکنڈے جنرل پرویز مشرف بھی استعمال کرتے رہے مگر اس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا تو موجودہ حکمرانوں اور ان کے لانے والوں کو بھی کچھ فائدہ نہیں ہوگا۔ صادق سنجرانی کو سینیٹ چیرمین لانے والے ہی اب اسے بچانے والے ہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ مسئلہ تو پیپلز پارٹی کے سوچنے کا بھی ہے جو کل تحریک انصاف کیساتھ مل کر صادق سنجرانی کو چیرمین سینیٹ بنانے والی تھی اور آج مسلم لیگ نون کیساتھ مل کر اسے ہٹانے والوں میں بھی شامل ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی اپنے موقع پرست فیصلوں کا سیاسی احتساب بھی کرنا چاہیے کہ ہم کب تک کسی کے ایجنڈے پر کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو بھی اندازہ ہو گیا ہے کہ ان کی جیب میں کھوٹے سکے بھی ہیں۔ اصولوں کی سیاست کے بغیر جمہوری نظام مضبوط نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام کو پارٹی اور اصولوں کی بنیاد پر قائم ہونا چاہیے تھا۔ مگر انتخابات میں سرمایے کے استعمال نے سیاست کو گندا کر دیا ہے۔ نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کرکے پارٹی لیڈر کے اخراجات برداشت کرنیوالوں کو ٹکٹ دینے سے ایسے نتائج ہی برآمد ہوں گے، کیونکہ وہ بھی موقع پرستی کو دیکھتے ہیں، کئی بار پہلے بھی ہارس ٹریڈنگ کی گئی لیکن غیر سیاسی ہتھکنڈے اتنے مضبوط اور پارٹی سسٹم اتنا کمزور ہے کہ لوٹوں کیخلاف کبھی کچھ نہیں ہوتا، سیاسست میں گند ڈالنے والا دراصل سرمایہ داروں کا وہ ٹولہ ہے جو ہر پارٹی میں پیسے کے بل بوتے پر ٹکٹ حاصل کرکے ایوانوں تک پہنچتا اور پھر ڈبل وصولیاں کرتا ہے، جبکہ نظریاتی کارکن نظر انداز ہو جاتے ہیں۔ یہ پارٹی رہنماوں کیلئے باعث شرم ہونے کیساتھ ساتھ عبرتناک بھی ہے، جو آج احتجاج کر رہے ہیں کہ ان کے 14 سینیٹرز لوٹے ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 808670
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش