0
Sunday 4 Aug 2019 15:12

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت بڑھا دی ہے، گورنر پنجاب

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت بڑھا دی ہے، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ بھارت نے سفارتی محاذ پر شکست کھانے کے بعد مقبوضہ وادی میں جارحیت بڑھا دی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی نظر ہٹانے کیلئے ایل او سی پر حملے کر رہا ہے، دنیا بھارتی جارحیت کیخلاف آواز اٹھائے۔ گورنر پنجاب نے پاکستان پولیس کے شہداء کی یاد میں لاہور کے الحمراء ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ نے بھی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی، اب امریکہ بھی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند ہونے چاہئیں، مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنا چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی توجہ دلانے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ غربت اور افلاس کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں، ہمارے دشمنوں کو علم ہونا چاہیے ہمیں شکست نہیں دی جا سکتی، سکیورٹی اداروں نے دہشتگردی کا خاتمہ کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا، ہمارے سکیورٹی اداروں نے کم تر وسائل کے باوجود یہ کام کر دکھایا، آج ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے جوانوں کی بہادری کی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی، ہم ملکی سلامتی کے اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ چودھری سرور نے کہا کہ امریکا، افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان سے مدد لے، پاکستان افغانستان میں دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، امریکا طاقت اور وسائل کے باوجود افغانستان میں دہشتگردی پر قابو نہیں پا سکا۔
خبر کا کوڈ : 808848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش