0
Sunday 4 Aug 2019 22:45

بھارتی مہم جوئی یا جارحیت کا پوری قوم کی مدد سے جواب دیا جائے گا، عمران خان

بھارتی مہم جوئی یا جارحیت کا پوری قوم کی مدد سے جواب دیا جائے گا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی ہٹ دھرمی سے خطے کا امن تباہ ہو رہا ہے، کسی بھی بھارتی مہم جوئی یا جارحیت کا پوری قوم کی مدد سے جواب دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں منعقد ہونیوالے اجلاس مین انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا اور کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ عالمی قیادت اور ادارے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ رویے کا نوٹس لیں، بھارت کا رویہ اس علاقائی تنازعے کو مزید پیچیدہ بنارہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر  کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن کی دونوں طرف کشمیریوں کو پاکستان پر مکمل اعتماد ہے اور پوری کشمیری قوم بھارتی جبر کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی۔

قومی سلامتی کمیٹی نے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے اعلامیے میں کہا کہ بھارت پاکستان کو اکسانے کے لیے شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنا رہا ہے لیکن پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی جبکہ بھارت کی جانب سےسویلین آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنانے کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی ملٹری آپریشنز نے موجودہ صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بھارت کی شرانگیزیوں کا مؤثر جواب دینے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کی رات وادی نیلم میں معصوم شہریوں کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں 4 سالہ بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 افراد شدید زخمی ہوئے جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر کلسٹر بموں کے استعمال کا نوٹس لیا جائے۔ دوسری جانب بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں 28 ہزار اضافی فوج تعینات کرنے کے بعد وادی کے حالات پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ بھارت کی جانب سے کشمیر سے سیاحوں اور ہندو زائرین کو فوری طور پر مقبوضہ وادی چھوڑنے کی ہدایت نے کشمیری عوام کی بے چینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ مودی سرکار نے سی پی آر ایف اور دیگر سیکیورٹی فورسز سمیت امریکی ساختہ سی 17 ملٹری ٹرانسپورٹ طیاروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر چھوڑنے کے اعلان کے بعد عوام کی بڑی تعداد کے ائیرپورٹ پہنچنے کے باعث ٹکٹوں کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 808905
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش