0
Monday 5 Aug 2019 09:32

سری نگر میں غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو لگا دیا گیا

سری نگر میں غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو لگا دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ مودی سرکار نے ایک اور گھناؤنا اقدام کرتے ہوئے پورے مقبوضہ کشمیر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔ مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل، اسکول اور کالجز سمیت تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔یونیورسٹیز میں 5 سے 10 اگست تک ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے سیکورٹی ریڈ الرٹ جاری کر کے سیاحوں کو چوبیس گھنٹوں میں وادی چھوڑنے کی ہدایت کر دی، وادی میں شدید خوف و ہراس کی فضا، ہزاروں کی تعداد میں سیاح، ہندو یاتریوں، طلبہ اور پیشہ ور افراد کا وادی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج کی نفری میں اضافے سے وادی میں شدید بے چینی اور تشویش میں مبتلا کشمیریوں نے اشیائے خورونوش جمع کرنا شروع کر دیں، پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس سے پہلے مقبوضہ کشمیر کے دو سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے عمر عبداللہ کے گھر پر اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر بات چیت کی گئی تھی۔

ادھر پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں اضافی بھارتی فوج جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے، بھارتی عزائم خطے میں تشدد بڑھا کر اسے فلیش پوائنٹ بنا سکتے ہیں، بھارت اوچھے ہتھکنڈے چھوڑ کر تنازع کے پُرامن حل کی طرف بڑھے۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی سے خطے کا امن تباہ ہو رہا ہے، کسی بھی بھارتی مہم جوئی یا جارحیت کا پوری قوم کی مدد سے جواب دیا جائے گا، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، کبھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 808929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش