0
Monday 5 Aug 2019 13:00

انیتا محسود، جنوبی وزیرستان سے پہلی خاتون رکن خیبر پختونخوا اسمبلی

انیتا محسود، جنوبی وزیرستان سے پہلی خاتون رکن خیبر پختونخوا اسمبلی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی انیتا محسود نے جنوبی وزیرستان سے پہلی خاتون رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انیتا محسود کا تعلق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سروکئی سے ہے، اپنی سیاسی زندگی کا آغاز انہوں نے تحریک انصاف سے کیا، وہ فاٹا ریفارمز کمیٹی اور فاٹا سیاسی اتحاد کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے وقت انیتا محسود نے پارٹی کی جانب سے نمائندگی کی، خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشستوں کیلئے انتخابات کے موقع پر تحریک انصاف کی جانب سے انیتا محسود کا نام خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے دیا گیا۔ جنوبی وزیرستان سے پہلی خاتون رکن خیبر پختونخوا اسمبلی بننے والی انیتا محسود نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع سے ارکان اسمبلی جب خیبر پختونخوا اسمبلی کی حیثیت سے حلف اُٹھائیں گے، وہ تاریخی دن ہوگا اور قبائلی عوام اسی انتظار میں تھے کہ ان کے مسائل کو بھی اسمبلی میں اُٹھایا جائے، ان کے مسائل کے حل کیلئے قانون سازی ہو، ان کو بھی قانون سازی میں حق مل سکے۔

انیتا محسود نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ قبائلی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل اسمبلی میں اُٹھائیں اور ان کی خصوصی توجہ جنوبی وزیرستان کے مسائل پر ہوگی، ان کے علاقے میں روزگار کا کوئی ذریعہ نہیں، اس لئے ان کی کوشش ہوگی کہ وہ علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ نومنتخب رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ان کے حلقے میں خواتین تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں، لیکن تعلیم کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے وہ زیادہ سے زیادہ ایف اے تک تعلیم حاصل کرپاتی ہیں، اس کیلئے بھی انہیں ٹانک آنا پڑتا ہے، ان کی کوشش ہوگی کہ وہ گریجویٹ کالج اور یونیورسٹی کے قیام کی منظوری لے سکیں، فاٹا کے انضمام کے وقت ہر کسی سے تجاویز مانگی گئی لیکن اس فیصلے میں بھی خواتین کو نظر انداز کیا گیا اور ان کے رائے کو فاٹا انضمام کے فیصلے میں شامل نہیں کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 809014
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش