0
Thursday 8 Aug 2019 22:49

کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر واٹر بورڈ میں ایمرجنسی نافذ

کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر واٹر بورڈ میں ایمرجنسی نافذ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں متوقع بارشوں کے پیش نظر کراچی واٹر بورڈ میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، واٹر بورڈ ملازمین کی تعطیلات منسوخ کر دی گئی ہیں، عید تعطیلات کے دوران تمام عملہ و افسران ڈیوٹی پر حاضر رہے گا، غیر حاضری یا عدم تعمیل پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان کی زیر صدارت واٹر بورڈ کے اعلیٰ افسران اور انجینئرز کا خصوصی اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس کے دوران ایم ڈی واٹر بورڈ نے شہر میں متوقع بارشوں کے پیش نظر واٹر بورڈ میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے واٹر بورڈ ملازمین کی تعطیلات منسوخ کردیں۔ انہوں نے کہا کہ عید تعطیلات کے دوران فراہمی و نکاسی آب کے تمام ملازمین اپنے متعلقہ دفاتر اور علاقوں میں رہیں، بارش شروع ہوتے ہی وہ خود نشیبی علاقوں سمیت واٹر بورڈ کی تنصیبات اور اہم شاہراہوں کا دورہ کرکے عملہ کی حاضری اور کارکردگی چیک کریں گے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ نے اعلیٰ افسران کو ہدایات دیں کہ بارش کے دوران بجلی کی عدم فراہمی کی صورت میں واٹر و سیوریج پمپنگ اسٹیشنز کو جنریٹرز کی مدد سے چلایا جائے اور شہر کا فراہمی و نکاسی آب کا نظام رواں رکھا جائے، جن پمپنگ اسٹیشنز پر جنریٹر نہیں وہاں جنریٹرز کا فوری انتظام کیا جائے، جنریٹرز چلانے کیلئے ابھی سے ایندھن کا مناسب ذخیرہ کرلیا جائے۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی متعلقہ ضلع کے سپرنٹنڈنگ انجینئر اپنے ماتحت افسران اور عملے کے ساتھ اپنے علاقوں کا گشت کریں اور پانی کی نکاسی کے نظام پر کڑی نگاہ رکھیں، نکاسی آب کے نظام کو رواں رکھنے کیلئے ڈی واٹرنگ پمپس بھی تیار رکھے جائیں، مون سون بارشوں کے دوران فراہمی آب کی بلک لائنوں، فلٹر پلانٹس، پمپنگ اسٹیشنز، ریزروائر، ٹریٹمنٹ پلانٹس، نکاسی آب کی لائنوں، سیوریج پمپنگ اسٹیشنز اور دیگر تمام تنصیبات کی کڑی نگرانی کی جائے اور حفاظت کیلئے عملہ تعینات کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 809601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش