0
Wednesday 21 Aug 2019 21:16

وزارت موسمیاتی تبدیلی کا قراقرم یونیورسٹی کے تعاون سے کلین گرین ہنزہ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

وزارت موسمیاتی تبدیلی کا قراقرم یونیورسٹی کے تعاون سے کلین گرین ہنزہ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی قراقرم یونیورسٹی کے تعاون سے کلین گرین ہنزہ کے نام سے ایک پراجیکٹ شروع کرے گی۔ مجوزہ منصوبہ کے تحت قراقرم یونیورسٹی کے ہنزہ کیمپس میں ہر ماہ ایک دن صفائی ستھرائی کیلئے مختص کیا جائے گا۔ محتص شدہ دن کو تعلیمی ادارہ میں عام تعطیل ہو گی جبکہ طلباء اس دن پورے شہر اور کیمپس کو صاف کریں گے۔ بعد ازاں اس منصوبہ کو پورے پاکستان میں ایک ملک گیر مہم کے طور پر لاگو کیا جائے گا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی صوبائی حکومتوں کو قانون سازی اور دیگر تکنیکی معاملات میں تعاون فراہم کرے گی جبکہ یہ پراجیکٹ کلین گرین پاکستان کے قومی منصوبہ کا حصہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے ایک ملاقات میں کیا۔ ڈاکٹر شاہ نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ قراقرم یونیورسٹی اپنے قیام کے بعد مختصر عرصہ میں ایک  اہم علمی درسگاہ کے طور پر سامنے آئی ہے جس کا اعتراف کئی عالمی وقومی ادارے کر چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ متذکرہ یونیورسٹی میں اس وقت 80 سے زائد پی ایچ ڈی اسکالرز اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ جس طرح عالمی حدت میں اضافے سے پاکستان باقی دنیا کی نسبت زیادہ گرم ہوگا اسی طرح باقی ماندہ پاکستان کی نسبت گلگت بلتستان کے خطے کی صورتحال کہیں زیادہ نازک اور خطرناک ہے۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ جہاں انکی یونیورسٹی دیگر علوم میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے وہیں ماحولیاتی انحطاط اور موسمیاتی تغیرات کے حوالے سے بھی اعلیٰ پائے کی تحقیق میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے سابقہ حکومت کی جانب سے سی پیک کے تحت تجویز کیے گئے کلائمیٹ چینج سنٹر کے قیام کے حوالے سے وفاقی وزیر کو موثر کردا ر ادا کرنے کی بھی استدعا کی۔ یاد رہے کہ مذکورہ کلائمیٹ چینج سنٹر سابقہ حکومت کی سرد مہری اور افسر شاہی کے سرخ فیتے کی نظر ہو گیا تھا اور آج تک جس کو عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا۔

وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی علمی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ قومی اہمیت کا یہ منصوبہ رواں دور میں ہی پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ موجودہ حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے اور اس کی روک تھام کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس منصوبہ کو متعلقہ اداروں سے منظور کروا کر آئندہ سال کے ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنوائیں گے۔ انہوں نے گلیشیئرز پر تحقیق کے منصوبہ گلاف کی چھتری تلے قراقرم یونیورسٹی کو ہر قسم کی تکنیکی مدد فراہم کرنے کہ بھی پیش کش کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ماہانہ بنیادوں پر تعلیمی اداروں میں کلین گرین ڈے منانے کیلئے پنجاب حکومت سے بھی مشاورت کی ہے جو کہ حوصلہ افزاء ثابت ہوئی ہے۔ اسی قسم کی مشاورت دیگر صوبوں سے بھی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 811922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش