0
Thursday 22 Aug 2019 13:35

حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1289ویں عرس کی تقریبات کا آغاز

حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1289ویں عرس کی تقریبات کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1289 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے 1289ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات شروع ہوگئیں، عرس کی تقریبات کا آغاز رات گئے سے شروع ہوا، جب ان کے مزار کو ہزاروں من عرق گلاب صندل اور کستوری سے غسل دیا گیا۔ صبح کے وقت صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دیتے ہوئے چادر چڑھائی اور فاتح خوانی کرکے عرس کا باقاعدہ آغازکیا۔ عبداللہ شاہ غازی کے 1289واں عرس مبارک میں شرکت کیلئے ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، انتظامیہ کیجانب سے عرس کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو مختلف مقامات پر تعینات ہیں، جو تین مختلف مراحل میں زائرئن کی تلاشی لینے پر مامور ہیں۔

مزار کے دونوں اطراف ٹرانسپورٹ کو بند کر دیا گیا ہے اور زائرئن کو پیدل مزار پر جانے کی اجازت ہو گی جبکہ زائرین کی سہولت کیلئے دودھ شربت اور پانی کی سبیلیں بھی لگا دی گئیں، جبکہ محکمہ اوقاف کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔ عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے دوران مزار پر لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے، مزار کے اندرونی حصے میں ثناء خوانی، فاتحہ خوانی اور قصیدہ پڑھنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ عرس کی تقریبات بائیس سے چوبیس اگست تک جاری رہیں گی۔ چوبیس اگست کو اختتامی تقریب وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ چادر پوشی سے کریں گے۔ خیال رہے سید ابو محمد عبلہ المعروف عبداللہ شاہ غازی نے 98ہجری میں مدینہ منورہ کے ایک معزز گھرانے میں آنکھ کھولی، آپ کاشجرہ نصب حضرت علی علیہ السلام سے ملتا ہے، ایک سو اڑتیس ہجری میں عبداللہ شاہ غازی تبلیغ دین کے لئے سندھ تشریف لائے اور 12 برس تک اسلام کی تبلیغ میں سرگرداں رہے، آپ کے مزار پر آنے والے زائرین میں ہر مذہب کے افراد شامل ہوتے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 812038
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش