0
Thursday 22 Aug 2019 15:38

قندیل بلوچ قتل کیس، والدین کی قاتل بیٹوں کو معافی کی درخواست، عدالت نے مسترد کردی

قندیل بلوچ قتل کیس، والدین کی قاتل بیٹوں کو معافی کی درخواست، عدالت نے مسترد کردی
اسلام ٹائمز۔ ملتان کی ماڈل کورٹ نے قندیل بلوچ قتل کیس میں والدین کی جانب سے بیٹوں کو معافی دینے اور ان کی بریت سے متعلق دائر درخواست مسترد کر دی، ملتان کے ماڈل کورٹ کے جج عمران شفیع نے قندیل بلوچ قتل کیس میں والدین کی جانب سے ملزمان بیٹوں کو معاف کرنے کی درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران والدین نے جج کے سامنے بیان دیا کہ ہم نے اپنے بیٹوں محمد وسیم اور اسلم شاہین کو اللہ واسطے معاف کر دیا ہے، انہوں نے عدالت سے ایک مرتبہ پھر درخواست کی کہ اس کیس کو خارج کرتے ہوئے ملزمان بیٹوں کو بری کیا جائے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ صرف اپنے بچوں کو معاف کرنا چاہتے ہیں، جس پر قندیل بلوچ کے والدین نے جواب دیا کہ وہ صرف اپنے بیٹوں کو ہی معاف کرنا چاہتے ہیں جبکہ مزید ملزمان کے خلاف سماعت جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں۔ جج عمران شفیق نے استفسار کیا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کی بیٹوں کو معافی دینے سے باقی ملزمان پر کیا اثر پڑے گا، تاہم والدین کے جانب سے خاموشی اختیار کی گئی، عدالت نے والدین کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں عدالت نے آئندہ سماعت پر نئے گواہان کو بھی طلب کر لیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز قندیل بلوچ کے والدین نے قاتل بیٹوں کو معاف کرتے ہوئے کیس خارج کرنے اور مجرمان کی رہائی کے لیے عدالت میں درخواست جمع کروائی تھی، اپنے حلف نامے میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ غیرت کے نام پر قتل کے قانون کی ترمیم کا اطلاق ان کی بیٹی کے قتل کیس پر نہیں ہوتا۔ حلف نامے میں کہا گیا کہ قندیل بلوچ قتل کی ایف آئی آر 16 جولائی 2016ء کو درج کی گئی جبکہ قانون میں ترمیم 22 اکتوبر 2016ء کو کی گئی، قندیل بلوچ کے والدین کی درخواست پر ماڈل کورٹ ملتان کے جج نے بحث کے لیے پراسیکیوشن اور وکلاء کو طلب کر لیا تھا۔ خیال رہے کہ غیرت کے نام پر قتل کے قانون کی ترمیم کے مطابق غیرت کے نام پر قتل میں اصل مدعی کی جانب سے مجرم کو معاف کرنے کی صورت میں متعلقہ کیس میں ریاست مدعی بن جائے گی، سماعت کے دوران عدالت میں ملزمان سمیت مفتی عبدالقوی بھی موجود تھے، جنہوں نے 23 اگست کو اپنی مصروفیات کی وجہ سے پیشی سے معذرت کی تھی، جس کے بعد جج عمران شفیق نے سماعت ہفتے کے روز تک ملتوی کی۔
خبر کا کوڈ : 812063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش