0
Saturday 7 Sep 2019 00:17

پاکستان کرکٹ کے عظیم لیگ سپنر عبدالقادر انتقال کر گئے

پاکستان کرکٹ کے عظیم لیگ سپنر عبدالقادر انتقال کر گئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مشہور زمانہ اور عظیم لیگ سپنر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ انہیں دل کا دورہ پڑنے پر لاہور سروس ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے، ان کی عمر 63 برس تھی۔ خاندانی ذرائع نے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان کرکٹ کے شہرہ آفاق لیگ سپنر عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 236 وکٹیں حاصل کیں اور 104 ون ڈے میچز کھیلے۔ منفرد ایکشن کے مالک سابق لیگ اسپنر کو اپنے دور میں خطرناک باؤلر تصور کیا جاتا تھا اور انہوں نے عمران خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قیادت میں پاکستان کو متعدد مرتبہ کامیابیاں بھی دلائیں۔ کپتان عمران خان کو عبدالقادر پر ہمیشہ اعتماد رہا اور یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ انھوں نے انھیں ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی موقع دیا۔ عبدالقادر نے بھی انھیں مایوس نہیں کیا اور 104 ون ڈے میچوں میں 132 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ عبدالقادر نے 14 دسمبر 1977ء کو انگلینڈ کے خلاف لاہور میں ہی ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں 11 جون 1983ء کو ڈیبیو کیا تھا۔ عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں کی 111 اننگز میں 236 وکٹیں حاصل کی۔

عبدالقادر کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بہترین انفرادی بولنگ کے ریکارڈ کے مالک ہیں۔ نومبر 1987ء میں انھوں نے انگلینڈ کے خلاف لاہور ٹیسٹ کی ایک اننگز میں صرف 56 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ عبدالقادر نے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کرکٹ سے اپنا تعلق نہیں توڑا۔ وہ قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی رہے۔ ویٹرنز کرکٹ بھی کھیلی اور لاہور میں نوجوانوں کے لیے اپنی ذاتی کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی۔ انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 104 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور اپنی 100 اننگز میں 132 وکٹیں حاصل کی۔ عظیم لیگ اسپنر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں دسمبر 1990ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا اسی طرح آخری ایک روزہ میچ 2 نومبر 1993ء کو سری لنکا کے خلاف شارجہ میں کھیلا۔ آسٹریلیا کے شہرت یافتہ لیگ اسپنر شین وارن بھی عبدالقادر کے زبردست مداح تھے اور 1994ء میں پاکستان کے دورے میں انھوں نے عبدالقادر کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی تھی اور ان سے لیگ سپن کے گُر سیکھے تھے۔ عظیم کرکٹر کی وفات پر وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پی سی بی اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 814916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش