0
Saturday 7 Sep 2019 19:18

کراچی موجودہ وسائل اور اختیارات سے ٹھیک ہوسکتا ہے، کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ کچرا ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی موجودہ وسائل اور اختیارات سے ٹھیک ہوسکتا ہے، کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ کچرا ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین اور سابق سٹی ناظم سید مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر کراچی کی شہری حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ان ہی وسائل اور اختیارات سے ٹھیک ہوسکتا ہے، کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ کچرا ہے، سندھ حکومت اور وفاقی حکومت مسئلے کے حل کے لئے کود پڑیں، میرے خلاف کیس کے نام پر انصاف کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا گیا۔ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کراچی کا یہ حال ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کا کچرا نہیں اٹھ رہا، سندھ حکومت، وفاقی حکومت مسئلے کے حل کے لئے کود گئیں ہیں، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے پاس آج بھی کچرا اٹھانے کے وہی اختیارات ہیں جو ہمارے پاس تھے، کراچی ان ہی وسائل اور اختیارات سے ٹھیک ہوسکتا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہر کیلئے میرا پلان کیا ہے، ماضی کی کارکردگی سے اندازہ لگالیں، میرے دشمن بھی کہتے ہیں یہ کام کرسکتا ہے۔ انہوں نے اپنے دور نظامت کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس وقت بہترین میئر کا ایوارڈ دیا گیا تھا اور اب بین الاقوامی جریدے میں کراچی کو گندا ترین شہر کہا جارہا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کوئی پوچھے گا کہ اربوں روپے کہاں جارہے ہیں، پاکستان میں اچھے آدمی کا انجام اچھا نہیں ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمیں مارنے والوں کا ہاتھ روکنا پڑے گا، دنیا مطلبی ہے، کشمیری پاکستانیوں کی ظاہری مدد مانگ رہے ہیں، بھارت پہلے سے جنگ کررہا ہے اور ہر دن لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کررہا ہے، پاکستان کو کشمیر کے لئے اپنا زور بازو دکھانا ہوگا، اگربھارت نے جنگ شروع کردی ہے تو ہمیں بھی جواب دینے کی ضرورت ہے۔ پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ جس زمین کی الاٹمنٹ کا کیس بنایا گیا، وہ 30 سال سے پرائیویٹ لینڈ ہے، پرائیویٹ لینڈ سرکاری آدمی کیسے الاٹ کرسکتا ہے، کیس کے نام پر انصاف اور عدالت کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف کیس ہی سرے سے ہی بے بنیاد ہے، زمین کبھی سرکاری زمین تھی ہی نہیں، اس کیس کا عنوان ہی غلط ہے، کوئی بینک ٹرائل، کرپشن یا کوئی بھی جائیداد نہیں نکال پائے۔
خبر کا کوڈ : 815057
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش