0
Sunday 15 Sep 2019 10:01

سکردو، لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی میں انتظامیہ کی عدم دلچسپی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

سکردو، لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی میں انتظامیہ کی عدم دلچسپی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت سے سکردو آتے ہوئے لاپتہ ہونے والے کچورا کے دو نوجوانوں کی بازیابی میں انتظامیہ اور حکومت کی عدم دلچسپی کیخلاف لواحقین اور سول سوسائٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ذمہ دار حلقوں کیخلاف نعرے اور نوجوانوں کی بازیابی کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ کچورا سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان اکبر علی اور شاکر علی 8 ستمبر کو گلگت سے سکردو کیلئے روانہ ہوئے تھے جو تاحال گھر نہیں پہنچے ہیں، جس کی وجہ سے اہل علاقہ بہت پریشان ہیں مگر انتظامیہ گمشدہ نوجوانوں کے بارے میں کسی قسم کی درست معلومات دینے سے گریزاں ہے، جس کی وجہ سے شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ انتظامیہ معاملے کی تہہ تک پہنچے اور اصل حقائق عوام اور لواحقین تک پہنچائے، یہ کیسی انتظامیہ ہے جس کو یہ بھی نہیں معلوم کہ کچورا کے دو نوجوان گلگت سے سکردو آتے ہوئے کہاں چلے گئے ہیں، ہم فورس کمانڈر گلگت بلتستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں ہماری مدد کریں اور گمشدہ نوجوانوں کا سراغ لگائیں تاکہ والدین کی پریشانیاں کم ہو سکیں۔ یاد رہے کہ کچورا سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان آٹھ ستمبر کو ٹی زیڈ گاڑی لے کر گلگت سے سکردو کی طرف روانہ ہو گئے تھے لیکن تاحال وہ اپنے گھر نہیں پہنچ سکے نہ ہی ان سے کوئی رابطہ ہو رہا ہے، انتظامیہ کا موقف ہے کہ کسی بھی چیک پوسٹ پر دونوں نوجوانوں کے گزرنے کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں۔
خبر کا کوڈ : 816263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش