0
Sunday 15 Sep 2019 22:51

پاکستان میں جمہوریت کو درپیش اکثر خطرات کافی پرانے ہیں جو آج بھی موجود ہیں، اسفندیار ولی

پاکستان میں جمہوریت کو درپیش اکثر خطرات کافی پرانے ہیں جو آج بھی موجود ہیں، اسفندیار ولی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ملک کسی غیر جمہوری طرز عمل کا متحمل نہیں ہوسکتا، جمہوریت کی مضبوطی کیلئے نئے غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرا کے اقتدار منتخب اور جمہوریت پسند قوتوں کے حوالے کر دیا جائے، اے این پی جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، عالمی یوم جمہوریت کا مقصد حقیقی جمہوریت کو فروغ دینا ہے، ملک و قوم کی ترقی کیلئے تمام جماعتوں کو اعلٰی جمہوری روایات قائم کرنے کا ثبوت دینا ہوگا۔ جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو درپیش اکثر خطرات کافی پرانے ہیں، جو آج بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل اور جمہوریت کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے نمائندہ سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر ایک لائحہ عمل تشکیل دینا ہوگا اور ملک میں سیاسی استحکام لانے کیلئے ان جمہوری جماعتوں کو جدوجہد کرنا ہوگی، کیونکہ ملک کی معیشت اور بقاء سیاسی استحکام کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ اے این پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ جمہوریت لوگوں کے سیاسی، معاشی، سماجی اور ثقافتی نظام کے تعین کیلئے آزادانہ رائے پر منحصر ایک عالمی نظام ہے جو ریاستی اداروں کو مضبوط کر کے اس قابل بناتا ہے کہ یہ خودکار طریقے سے عوام کو بہترین خدمات فراہم کر سکیں۔ اسفندیار ولی نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل جمہوریت کی مضبوطی میں ہے، امن، استحکام اور ترقی کیلئے جمہوریت نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام ایک مشترکہ قدر ہے جس کی بنیاد پر عوام آزادانہ طور پر سیاسی اقتصادی ثقافتی نظام میں شرکت کر سکتے ہیں، تاہم بدقسمتی سے پاکستان میں جمہوریت پسند قوتوں کو کمزور کرنے کی پالیسی طویل عرصہ سے جاری ہے اور جمہوری نظام کو بار بار سبوتاڑ کئے جانے سے ادارے کمزور ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 816370
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش