0
Friday 20 Sep 2019 21:41

ضلع کرم میں امیدواروں کی تعیناتی نہ کرنے پر ڈائریکٹر تعلیم ہائیکورٹ طلب

ضلع کرم میں امیدواروں کی تعیناتی نہ کرنے پر ڈائریکٹر تعلیم ہائیکورٹ طلب
اسلام ٹائمز۔ پشاور ہائیکورٹ نے ضلع کرم میں این ٹی ایس ٹیسٹ اور انٹرویو لینے کے باوجود ٹیچنگ کیڈر کی مختلف آسامیوں پر امیدواروں کی تعیناتی نہ کرنے پر محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر کو عدالت طلب کرلیا، آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر ایجوکیشن پر توہین عدالت کے تحت فرد جرم عائد کی جائے گی۔ کیس کی سماعت جسٹس اکرام اللہ خان اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی، محمد اسماعیل، عبدالطیف، ابرار، رحمت اللہ سمیت دیگر 31 درخواست گزاروں کے وکیل کاشف جان کے مطابق 2017ء میں اپر کرم، لوئر کرم اور سنٹرل کرم کیلئے محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے قاری سمیت اساتذہ کے مختلف کیڈرز کیلئے آسامیاں مشتہر کیں، جس پر باقاعدہ این ٹی ایس ٹیسٹ ہوا جبکہ بعد میں انٹرویو بھی کئے گئے، جس میں درخواست گزاروں نے ٹاپ پوزیشن لی، تاہم اس کے باوجود یہ کہہ کر ان کی تعیناتی نہیں کی گئی کہ متعلقہ پوسٹیں نہیں ہیں۔

بعدازاں عدالت سے رجوع کیا گیا اور 26 مارچ 2019ء کورٹ سماعت کیلئے منظور کی گئی، ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے حکم دیا تھا کہ ڈسٹرکٹ کیڈر کوٹہ کے تحت ان درخواست گزاروں کی تقرری پر غور کریں، تاہم ڈائریکٹر ایجوکیشن کا موقف تھا کہ ایک آسامی ہے، اس لیے اس پر تعیناتی کر دی گئی۔ اس موقع پر اے اے جی مجاہد عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے میں باقاعدہ کمیٹی بنائی گئی تھی اور اس نے اپنی رپورٹ بھی پیش کی تھی۔ جسٹس اکرام اللہ خان نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈائریکٹر ایجوکیشن کو اگلی پیشی پر طلب کر لیا، جن پر توہین عدالت کے تحت فرد جرم عائد کی جائے گی۔ کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 817366
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش