0
Monday 30 Sep 2019 20:51

المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ نے”سیو آور چلڈرنز ان کشمیر“ مہم کا آغاز کر دیا

المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ نے”سیو آور چلڈرنز ان کشمیر“ مہم کا آغاز کر دیا
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر اور المصطفٰے ویلفیئر سوسائیٹی کے سرپرست اعلٰی الحاج ڈاکٹر محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ المصطفٰے ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں”سیو آور چلڈرنز ان کشمیر“ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے سلسلہ میں 19 اکتوبر کو محصور کشمیری بچوں کیلئے اشیائے خوردونوش اور ادویات پر مشتمل 100 ٹرکوں کا کاروان مظفرآباد سے براستہ چکوٹھی سری نگر بھیجا جائے گا۔ المصطفٰے کے اس کاروان میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران، انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندگان، ریٹائرڈ ججز، شاعر، ادیب، دانشور اور دوسرے شعبہ ہائے زندگی کی اہم شخصیات شریک ہوں گی۔ کشمیری بچوں کیلئے ضروری سامان مقبوضہ کشمیر بھیجنے کیلئے دونوں ممالک کے اعلی حکام سے بات چیت جاری ہے۔

اس بات کا اعلان انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں المصطفٰے ویلفیئر سوسائیٹی پنجاب کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پنجاب کے تمام اضلاع سے المصطفے کے عہدیداران نے شرکت کی۔ الحاج محمد حنیف طیب نے مزید کہا کہ“ المصطفٰے“ سیاست اور تنازعات سے بالاتر ہو کر خالصتا انسانی بنیادوں پر لاکھوں کشمیری بچوں کی جانیں بچانے کیلئے مہم چلا رہی ہے۔ اس مہم میں ہنسلو اسلامک سنٹر لندن بھی المصطفٰے کے ساتھ شریک ہے۔ لاکھوں کشمیری بچے دو ماہ سے فوجی محاصرے میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ کشمیری بچوں کو بروقت ادویات، دودھ اور کھانے پینے کی اشیاء کی ترسیل نہ ہوئی تو ہزاروں کشمیری بچے موت کے گھاٹ اتر سکتے ہیں، اس لئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری بچوں کیلئے المصطفٰے کے ریلیف آپریشن میں تعاون کریں اور بھارت کو کشمیری بچوں کیلئے ضروری سامان براستہ چکوٹھی بھجوانے کی اجازت دینے پر مجبور کریں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ کنٹرول لائن کو ریلیف لائن میں بدلا جائے۔ مسلسل کرفیو کی وجہ سے لاکھوں کشمیری بچے سخت مشکلات سے دوچار ہیں اور مدد کیلئے مہذب دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ الحاج حنیف طیب نے مزید کہا کہ“ سیو آور چلڈرنز ان کشمیر مہم“ کے سلسلہ میں دنیا بھر کے حکمرانوں اور اسلام آباد میں مقیم سفارت کاروں کو خطوط بھی ارسال کئے جائیں گے اور تمام شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات کو کشمیری بچوں کی زندگیاں بچانے کی اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔ ہم انسانیت کے نام پر بھارتی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں ریلیف آپریشن کی اجازت دے۔ کشمیر میں کوئی بڑا انسانی المیہ رونما ہونے سے پہلے عالمی برادری آنکھیں کھولے اور مسلم حکمران مصلحتیں چھوڑ کر مظلوم کشمیریوں کو ظلم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ کشمیری تاریخ کے طویل ترین کرفیو کی زد میں ہیں، سلگتے کشمیر میں بلکتے بچے ہماری مدد کے منتظر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 819260
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش