0
Thursday 3 Oct 2019 10:39

رانا ثناء اللہ نے ضمانت پر رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

رانا ثناء اللہ نے ضمانت پر رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے راہنما رانا ثناء اللہ نے ضمانت پر رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ رانا ثناء اللہ کی لاہور ہائیکورٹ میں دائر ضمانت کی درخواست میں اے این ایف کے تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت پر سخت تنقید کرتا رہا ہوں، حکومت کیخلاف تنقید کرنے پر منشیات سمگلنگ کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، وقوعہ کی ایف آئی آر تاخیر سے درج کی گئی جو مقدمہ کو مشکوک ثابت کرتی ہے، ایف آئی آر میں 21 کلو گرام ہیروئن سمگلنگ کا لکھا گیا جبکہ بعد میں اسکا وزن 15 کلو گرام ظاہر کیا گیا۔ گرفتاری سے قبل گرفتاری کے خدشے کا اظہار کیا تھا اب بے بنیاد مقدمہ میں گرفتار کر لیا گیا۔ فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ منشیات سمگلنگ کے مقدمہ میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
 
 دریں اثناء منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اکتوبرتک توسیع کر دی گئی۔ عدالت نے رانا ثناء اللہ کے وکیل اور تفتیشی افسر کو کل سیف سٹی اتھارٹی جاکر گاڑیوں کی نشاندہی کی ہدایت کردی۔ انسداد منشیات لاہور کی خصوصی عدالت کے جج خالد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ رانا ثنا اللہ کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا۔ سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت میں بجلی بند رہی۔ رانا ثناء اللہ کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کا غیر جانبدار ہونا رانا ثناء اللہ کا قانونی اور آئینی حق ہے۔ سیف سٹی اتھارٹی سے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی ویڈیو طلب کی جائے۔ عدالتی حکم پر سیف سٹی اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو اکبر ناصر عدالت پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس گاڑیوں کی آمدورفت کا ریکارڈ محفوظ ہے، جن گاڑیوں کا ڈیٹا چاہئے تفتیشی افسر آ کر شناخت کرے، عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے جو مواد ہو گا محفوط کرکے فراہم کر دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 819809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش