0
Tuesday 8 Oct 2019 11:15
بھارت کو کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم بند کرنا ہونگے

بھارت سے ہماری جنگ درحقیقت نظریاتی ہے، خورشید قصوری

بھارت سے ہماری جنگ درحقیقت نظریاتی ہے، خورشید قصوری
اسلام ٹائمز۔ قرآن آڈیٹوریم گارڈن ٹاؤن لاہور میں تنظیم اسلامی کے زیراہتمام ”پاک بھارت جنگ، امکانات، توقعات و خدشات“ کے عنوان سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت سے ہماری جنگ درحقیقت نظریاتی ہے، جموں و کشمیر میں ہونیوالے بدترین تشدد اور غیر انسانی سلوک کو روکنا بڑے ممالک اور عالمی اداروں کی انتہائی اہم اخلاقی ذمہ داری ہے۔ تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی اساس اسلام ہے جس کے نفاذ کے بغیر تائید خداوندی حاصل نہیں ہو سکتی، دنیائے اسلام کی واحد ایٹمی قوت ہونے کے باوجود حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان عالمی مالیاتی اداروں کا مکمل طور پر غلام بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عملاً نظام خلافت قائم کرکے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو مضبوط کرنا ہو گا۔ سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا کہ بھارت کو کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم اور درندگی کو ختم کرنا ہو گا، ورنہ پاک بھارت جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف اعلانیہ اور غیر اعلانیہ جنگیں مسلط کیں مگر ایٹمی اور روایتی جنگ میں پاکستان کو فتح کرنا بھارت کا ایک ایسا خواب ہے جو کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا۔  خورشید محمود قصوری نے کہا نریندر مودی کو کشمیری مسلمانوں کے انسانی حقوق کی پامالی پر پوری دنیا سے نفرت اور تنقید کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب اور موثر سفارتی حکمت عملی سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، دونوں ممالک کو کسی ممکنہ جنگ سے بچانے کیلئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔

بریگیڈیئر (ر) فاروق حمید نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کی ساتویں بڑی فوج کو شکست دینا بھارت کا خواب ہی رہے گا، پاکستان تا قیامت قائم رہے گا اور جس ملک کے پاس دنیا کی ساتویں بڑی فوج ہو اسے انڈیا کیسے شسکت دے سکتا ہے، جس کے اپنے فوجی بھوک اور اعلٰی افسران کی کرپشن کے باعث فاقوں پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کے اندر بہت سے آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں، مودی اس لئے ضد پر اڑا ہوا ہے کہ کشمیر کو آزاد کر دیا تو باقی تحریکیں بھی تیز ہو جائیں گے، مگر یہ اس کی بیوقوفی ہے جو انڈیا کے ٹوٹنے کا سبب بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا نے کشمیر میں حق رائے دہی نہ دیا تو اس کے بہت بھیانک نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، بصورت دیگر حالات کی خرابی کی ذمہ دار عالمی برادری ہی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 820739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش