1
Friday 11 Oct 2019 21:19

علامہ راجہ ناصر عباس کی وفد کے ہمراہ صدر عارف علوی سے ملاقات، شیعہ مسنگ پرسنز کی رہائی کا مطالبہ

علامہ راجہ ناصر عباس کی وفد کے ہمراہ صدر عارف علوی سے ملاقات، شیعہ مسنگ پرسنز کی رہائی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر سمیت ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہماری اولین ترجیحات میں سے ہے، حکومت ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، گلگت بلتستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گئے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت کے مسئلہ کشمیر اور امت مسلمہ کے مسائل پر اقوام عالم میں دوٹوک موقف کی تائید کرتے ہیں، حکومت کو زائرین کے حوالے سے مستقل پالیسی بنانی ہوگی، گلگت بلتستان کے لوگ سب سے بڑے محب وطن پاکستانی ہیں انہیں ماید محروم نہ رکھا جائے، حکومت کو شیعہ مسنگ پرسنز کے ایشو پر خصوصی توجہ کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لئے اس وقت اولین حیثیت رکھتا ہے، حکومت وقت نے بہتر انداز میں اقوام عالم کے سامنے اس مسئلے کو اجاگر کیاہے، ہمیں کشمیر کو ایک دن کے لئے بھی فراموش نہیں کرنا چاہئے، کشمیر تکمیل پاکستان کا اہم حصہ ہے۔

ملاقات میں زائرین کے مسائل کی جانب توجہ دلاتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں ہر سال پاکستانی زائرین مقدس مقامات کی جانب سفر کرتے ہیں، گزشتہ ادوار میں اس جانب بلکل توجہ نہیں دی گئی، حکومت زائرین کے حوالے سے مستقل پالیسی بنائے تاکہ ان کے مسائل کا بہتر تدارک کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز کا ہر فرد ملک سے محبت کرتا ہے، لیکن گلگت بلتستان کے لوگ سب سے بڑے محب وطن پاکستانی ہیں انہیں مزید محروم نہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ توجہ کا طالب ہے، کسی بھی پاکستانی شہری کو لاپتہ رکھنا انسانی حقوق اور آئین قانون کی خلاف ورزی ہے، تحریک انصاف کی حکومت اس اہم سنگین مسئلے پر فوری قانون سازی کرے۔ واضح رہے کہ صدر مملکت سے ملاقات میں گلگت بلتستان کے آئینی حقوق سمیت تعلیم اور روزگار کے مواقع اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر بھی بات کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 821499
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش