0
Friday 1 Jul 2011 18:27

اسد عاشورہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے، ارقم طارق

اسد عاشورہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے، ارقم طارق
اسکردو:اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر سکردو ارقم طارق کی صدارت میں اسد عاشورہ کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکردو کے چاروں سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایگزیکٹیو انجینئر بی اینڈ آر، واسا کے علاوہ ایم ایس، ڈی سی ایم اور قائم مقام ڈی ایچ او اور دیگر محکمہ جات کے سربراہوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسد عاشورہ اور مجالس کے لئے تمام انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا اور سکیورٹی کے نظام کو پہلے سے سخت کیا جائے گا، تمام داخلی اور خارجی راستوں میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے چیکنگ اور سکیورٹی نظام فل پروف بنایا جائے گا۔ استک، سدپارہ اور گول میں انٹری پوائنٹس کے علاوہ سکردو شہر میں بھی دو مزید انٹری پوائنٹس بنا دیئے جائیں گے۔ 
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں مین کنٹرول روم ہو گا جبکہ ہسپتال اور ضلع ہیلتھ دفتر میں کنٹرول رومز قائم کئے جائیں گے اور یہ کنٹرول روم یکم اسد سے تمام وقت کھلے رہیں گے۔ مین کنٹرول روم میں ہر محکمے کا نمائندہ بالعموم اور محکمہ واٹر اینڈ پاور، بی اینڈ آر محکمہ ہیلتھ کے نمائندے موجود رہیں گے۔ اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ بی اینڈ آر،جبکہ میونسپل کمیٹی شہر میں مجالس اور جلوس کے مقامات پر صفائی کے نظام کو موثر بنائیں گے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہ میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں ایس ڈی او، ڈی ایس پی ڈاکٹر وغیرہ کمیٹی کے ممبران ہوں گے اور مجالس شروع ہونے سے قبل ان تمام انتظامات کا جائزہ لے کر کلئیر رپورٹ دیں گے۔
 اجلاس میں بتایا گیا کہ سکیورٹی انتظامات بھی بہتر کئے گئے، دیگر اضلاع سے اضافی فورسز کے علاوہ جی بی سکاوٹس، العباس سکاوٹس، ہلال احمر اور محکمہ تعلیم کے رضاکار بھی سکیورٹی کے حوالے سے تعاون کریں گے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سول سپلائی تبرکات کیلئے اضافی اور خصوصی آٹے کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
یاد رہے کہ "اسد عاشورہ" کربلا میں جب امام عالی مقام اور اُن کے جانثار اسلام کی بقاء کیلئے عدیم النظیر اور عظیم قربانی دے رہے تھے تو اُس دوران گرمی اپنے عروج پر تھی اسی مناسبت سے  اسکردو میں عشرہ اسد عاشورہ تمام تر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ عاشورہ محرم کی طرح منایا جاتا ہے۔ مجالس عزاء کا آغاز 18 جولائی سے ہو رہا ہے اور 28 جولائی کو ماتمی جلوس عزاء برآمد ہونگے۔ اسد عاشورہ کے ماتمی جلوس میں گلگت بلتستان کے کونے کونے سے ہزاروں عزادار سکردو جمع ہوتے ہیں اور تقریباً سوا لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ عزادار غم حسین علیہ السلام مناتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 82152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش