0
Saturday 26 Oct 2019 12:52

نواز شریف کو انجائنا کا مسلسل شدید درد، دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بڑھ گئے

نواز شریف کو انجائنا کا مسلسل شدید درد، دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بڑھ گئے
اسلام ٹائمز۔ سروسز اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دل کے ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے ہیں، رپورٹ میں ان کا ٹراپ آئی اور ٹراپ ٹی ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ انہیں معمولی ہارٹ اٹیک ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی ایکو کارڈیو گرافی اور ای سی جی کی رپورٹ نارمل ہے، جبکہ پلیٹ لیٹس کم ہونے کے باعث خون پتلا کرنے کی دوائی بند کی گئی تھی جسے دوبارہ سے شروع کردیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا سروسز اسپتال لاہور میں پانچویں روز بھی علاج جاری ہے، ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ معالجین کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز نواز شریف کو انجائنا کا مسلسل شدید درد ہوا، دل کی یہ تکلیف طبی اصطلاح میں ’این اسٹیمی‘ کہلاتی ہے اس میں دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ سابق وزیراعظم کی تکلیف بڑھنے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ کو ایمرجنسی میں بلایا گیا، طبی جانچ پر نواز شریف کے دل میں اینزائمز (پروٹین مالیکیولز) کی تعداد زیادہ پائی گئی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم دل کے مریض ہیں، ان کے دو آپریشن پہلے ہو چکے ہیں، معالجین دل کی موجودہ تکلیف کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب سروسز اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق پلیٹ لیٹس کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے نواز شریف کو روزانہ ایک گھنٹہ آکسیجن لگائی جا رہی ہے۔ نوازشریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کی میٹنگ جاری ہے، بورڈ میٹنگ میں نوازشریف کی صحت کے حوالے سے رپورٹ تیار کر رہا ہے جسے ایم ایس سروسز اسپتال منگل کو اسلام آباد میں پیش کریں گے۔ اس سے قبل گذشتہ روز نواز شریف کا پلیٹ لیٹس کاؤنٹ 30 ہزار ہو گیا تھا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے اسٹیرائیڈز دینا پڑ رہی ہیں، تاہم اسٹیرائیڈز کے استعمال سے نواز شریف کا شوگر لیول اور بلڈ پریشر زیادہ ہے، شوگر کنٹرول کرنے کے لئے انہیں انسولین دی جا رہی ہے۔ نواز شریف کو انجائنا کی تکلیف کے حوالے سے امراض دل کی ادویات بھی شروع کرا دی گئیں، 5 روز گزر جانے کے بعد ڈاکٹروں نے امید ظاہر کی ہےکہ نوازشریف کی طبیعت میں اب بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی سروسز اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، انہیں نواز شریف کے کمرے سے ملحقہ کمرے میں رکھا گیا ہے، وہ اپنے علاج کے ساتھ ساتھ اپنے والد کی دیکھ بھال بھی کر رہی ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 824058
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش