0
Saturday 26 Oct 2019 17:10

بجلی، گیس اور پٹرول کی آئے دن قیمتوں میں اضافے سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، یوسف رضا گیلانی

بجلی، گیس اور پٹرول کی آئے دن قیمتوں میں اضافے سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم و سینئر وائس چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک کا ہر طبقہ حکمرانوں کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں پر نالاں ہے، سڑکوں پر سراپا احتجاج ہے لیکن حکمرانوں نے کانوں میں روئی ٹھونسی ہوئی ہے، اس لئے عوام کے مشکلات کی چیخ و پکار سننے سے عاری ہیں۔ انہوں نے کہا ملک کو ریاست مدینہ کا ماڈل بنانے کے دعوے دار حکمرانوں نے اقتدار میں آکر لوگوں کو بے روزگاری، مہنگائی کا شکار کر دیا ہے، آج کسان کو معاشی طور پر زبوں حالی کا شکار کر دیا گیا، ملیں اور فیکٹریاں بند ہونے کے تسلسل سے ہر روز ہزاروں لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں، بیرونی سرمایہ کاری صفر ہے اور ملکی سرمایہ کار اپنا سرمایہ دوسرے ممالک کاروبار کیلئے شفٹ کر رہے ہیں، بجلی، گیس اور پٹرول کی آئے دن قیمتوں میں اضافے سے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے، عوام پیپلزپارٹی کے دور کو یاد کر رہی ہے جس میں عوام کو روزگار ملا، گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں سبسڈی کے ذریعے عوام کو ریلیف ملا۔ مظفرگڑھ پیپلزپارٹی کا قلعہ ہے 2008ء کے الیکشن میں قومی اسمبلی کی ساری اور 2018ء کے دھاندلی زدہ الیکشن کے باوجود بھی پیپلزپارٹی کو مظفرگڑھ سے تین قومی اسمبلی کی نشستیں ملی، 8 نومبر کو مظفرگڑھ میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ تاریخی ہوگا، اس جلسہ سے ضلع مظفرگڑھ کی سیاسی کایا پلٹ جائے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے 8 نومبر کو مظفرگڑھ میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہونے والے جلسہ کے حوالے سے گیلانی ہاوس میں ہونے والے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، صوبائی نائب صدر و ایم این اے مہر ارشاد احمد سیال، صوبائی سیکرٹری انفارمیشن و ایم این اے نواب زادہ افتخار احمد خان، سابق ایم این اے ملک نور ربانی کھر، ایم این اے رضا ربانی کھر، سابق ایم پی اے سید احمد مجتبی گیلانی، قومی ٹکٹ ہولڈر داود خان جتوئی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن احسان الحق نولاٹیہ، سابق سینٹر امجد عباس قریشی، ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے جنرل سیکرٹری آصف خان دستی، ضلعی صدر مظفرگڑھ انجینئر بلال کھر، ٹکٹ ہولڈر اختر گوپانگ و دیگر نے شرکت کی۔

 سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ بدنیتی اور انتقامی بنیادوں پر حکمران قومی قیادت کو نیب گردی کے ذریعے ہراساں کر کے زیادہ دیر تک اقتدار پر قابض نہیں رہ سکتے، آصف علی زرداری اور نوازشریف کو من گھڑت اور بے بنیاد مقدمات کی پاداش میں پابند سلاسل رکھنا اور بیماری کے باوجود علاج و معالجہ کی سہولیات سے محروم رکھنا بدترین انتقامی کاروائیوں کا تسلسل تھا، آج آصف علی زرداری اور نوازشریف کی صحت کے حوالے سے آنیوالی خبریں نہایت تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو پہلے ہی احتساب کے یکطرفہ نظام پر اعتراضات ہیں، مشرف کا بنایا ہوا نیب آج بھی سیاست دانوں کے ضمیر خریدنے اور اپوزیشن کی آواز کو دبانے کیلئے استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو تباہ کرنے والوں کا انجام قریب ترین ہے، پیپلزپارٹی ملک کو نااہل حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی، کیونکہ عوام دشمن نظام میں غریب کے مسائل کبھی حل نہیں ہو سکتے۔


 
خبر کا کوڈ : 824102
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش