0
Saturday 23 Nov 2019 08:48

مسئلہ کشمیر پر حمایت، آیت اللہ خامنہ ای کے شکر گزار ہیں، عارف علوی

مسئلہ کشمیر پر حمایت، آیت اللہ خامنہ ای کے شکر گزار ہیں، عارف علوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سبکدوش ہو گئے۔ ایرانی سفیر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے الوداعی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے اُمور سمیت علاقائی اور بین الاقوامی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیر کے معاملے پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی حمایت پر اُن کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا مودی سرکار مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ایران اورپاکستان کے مابین دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، ایران سمیت دیگر ہمسائے ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے مہدی ہنر دوست کی کاشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ  مہدی ہنر دوست نے اپنے دور تعیناتی میں پاک ایران تعلقات کی بہتری کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی تمام کمیونیٹیز کے انسانی حقوق کی حمایت جاری رکھے گا اور اس سلسلہ میں پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کی طرف سے انگلش ٹی وی چینل کا آغاز اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی دو طرفہ تعلقات مذہب، ثقافت، عوام کے عوام کے ساتھ روابط اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ تعاون پر مبنی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاہم پاکستان مختلف علاقائی امور پر ایران کی مسلسل حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

سبکدوش ہونیوالے ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں اور علاقائی امن و استحکام ان کی اولین ترجیح ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے سبکدوش ہونیوالے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی خدمات کو سراہا اور ان کے مستقبل کی ذمہ داریوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 828543
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش