0
Tuesday 26 Nov 2019 23:13

گلگت بلتستان میں اقرباء پروری عروج پر پہنچ گئی، وفاقی حکومت بھرتیوں پر پابندی لگائے، الیاس صدیقی

گلگت بلتستان میں اقرباء پروری عروج پر پہنچ گئی، وفاقی حکومت بھرتیوں پر پابندی لگائے، الیاس صدیقی
اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے احکامات پر پی ڈبلیو ڈی میں بغیر ٹینڈر کے ٹھیکوں سے چہیتوں کو نوازا جا رہا ہے، اقرباء پروری اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، صوبائی حکومت اپنے دور حکومت کے آخری آور میں چھکے چوکوں کی بارش کر رہی ہے، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اینٹی کرپشن اداروں کو بھی سانپ سونگھا ہوا ہے۔ اپنے ایک بیان میں الیاس صدیقی کا کہنا تھا کہ گلگت میں درجہ حرارت منفی تک پہنچ چکا ہے اس کے باؤجود تارکول کا کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے ان چھ مہینوں میں اپنے لوگوں کے زریعے جی بی کے تمام ترقیاتی سکیموں کے پیسے اپنے چہیتوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، محکموں میں خالی اسامیوں کو بھی فوری مشتہر کروا کے من پسند لوگوں کو ایڈجسٹ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔

ترجمان ایم ڈبلیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ نے کہا کہ محکمہ پراسکیوشن میں تھوک کے حساب سے کنٹریکٹ پر لوگوں کو بھرتی کیا گیا، اب سفارشی کنٹریکٹ پر لگائے گئے لوگوں کو ایکٹ کے ذریعے مستقل کرنے میں بھی اقرباء پروری شامل ہے، جبکہ کنٹریکٹ پر بھرتی لیکچرار جو کہ عرصہ دراز سے کام کر رہے تھے ان کی اسامیوں کو پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کیا گیا کیونکہ ان میں حکومتی افراد کی تعداد کم تھی۔ انہوں نے کہا کہ پراسکیوٹرز کی اسامیاں بھی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کی جائیں تاکہ اہل لوگ بھرتی ہو سکیں۔ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی سطح پر بھرتیوں، تقرریوں پر پابندی عائد کی جائے تاکہ کسی بھی اہل امیدوار کی حق تلفی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شروع میں میرٹ کے بڑے دعوے دار تھے لیکن ان کی اقرباء پروری  اور من پسند لوگو ں کو نوازنے کی مثال ماضی میں کبھی نہیں ملتی۔
خبر کا کوڈ : 829158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش