0
Thursday 28 Nov 2019 18:22

نااہل حکمرانوں نے فوج کے باوقار ادارے کو بدنام کر دیا ہے، اعجاز ہاشمی

نااہل حکمرانوں نے فوج کے باوقار ادارے کو بدنام کر دیا ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کے توسیع کیس میں ثابت ہوگیا کہ برسراقتدار ٹولہ نااہل لوگوں پر مشتمل ہے جنہوں نے باوقار ادارے فوج کو بھی بدنام کر دیا ہے۔ آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے چیف جسٹس کی طرف سے اٹھائے گئے نکات پر قوم میں اطمینان پایا جاتا ہے۔ سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران خان کو بھی اس بات کا احساس ہو چکا ہوگا کہ دھونس دھاندلی سے صرف الیکشن جیت کر پارلیمنٹ میں پہنچنا ہی کافی نہیں ہوتا۔ اس کیلئے ہر شعبے کی ماہر ٹیم بھی درکار ہوتی ہے جو حکومت چلانے میں مہارت رکھتی ہو، مگر افسوس عمران خان کی جیب میں کھوٹے سکے ہیں، وہ اپنی معاشی ٹیم پر بہت فخر کیا کرتے تھے مگر ان کی نااہلی کا ثبوت واضح ہوگیا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی لیگل ٹیم کی نا اہلی کا پول چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کھول دیا ہے، جبکہ پانچ اگست سے مقبوضہ کشمیر پر نافذ کرفیو اور کشمیر کے مسئلہ کو عالمی سطح پر حل کروانے میں ناکامی سفارتی ٹیم کی ناکامی واضح ہے اور سیاست میں خود وزیراعظم کی نااہلی ایسی ہے کہ وہ ہر روز اپوزیشن کو دھمکیاں دے رہے ہوتے ہیں، اور آج تک حالات معمول پر لانے میں ناکام ہے، سیاست کو انتقام کی بنیاد پر نہیں چلایا جا سکتا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جے یو پی کا موقف ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی ضرورت نہیں، فوج ڈسپلن فورس اور قابل ادارہ ہے جس میں مثالی نظم و ضبط پایا جاتا ہے اور اس کا ہر سپاہی محب وطن اور اس مقدس مٹی پر قربان ہونے کا جذبہ لئے کھڑا ہے۔
خبر کا کوڈ : 829548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش