0
Wednesday 4 Dec 2019 23:33

عوام پیٹ پر پتھر باندھ کر ملک کو معاشی مستحکم کرنے کیلئے تیار ہے، ثروت اعجاز

عوام پیٹ پر پتھر باندھ کر ملک کو معاشی مستحکم کرنے کیلئے تیار ہے، ثروت اعجاز
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے دعوﺅں سے کام نہیں چلے گا، عوام پریشان ہے، مہنگائی و بیروزگاری سے غربت انتہا حد تک پھیل چکی ہے، فوری مہنگائی کو کنٹرول اور بیروزگاری کو ختم نہیں کیا گیا تو معیشت کو شدید دھچکا لگنے کا خدشہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں نہیں رینگی تو سول اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر مجبور ہونگے، حکمران آئی ایم ایف کی عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے ملک میں مہنگائی کا سیلاب لا رہے ہیں، غریب کو غربت کی لکیر کی طرف لیجانے والی پالیسیاں ملک کو خوشحالی اور ترقی کی طرف گامزن نہیں کر سکتیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت عوام دوست پالیسیاں اپنائے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے سبسڈی کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ گیس، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے، معاشی استحکام کیلئے حکومت نئے دوست اور راہیں تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضوں سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملتا، بلکہ اس کا سارا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑتا ہے اور ملک قرضوں کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے، میڈ ان پاکستان پالیسیاں قرضوں سے نجات، خوشحالی اور ترقی ضمانت بن سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہمت کرکے قدم بڑھائیں، عوام پیٹ پر پتھر باندھ کر ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 830830
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش