0
Saturday 7 Dec 2019 13:48

حکومت کو پتہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن انہیں گھر بھیج دے گا، شیری رحمان

حکومت کو پتہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن انہیں گھر بھیج دے گا، شیری رحمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے وفاقی حکومت کو انتقامی سرکار قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کیسے الزامات ہیں جو اربوں سے شروع ہوکر ایک مکان پر آ جاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی رہنماء شیری رحمان کی سکھر کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو کسی نہ کسی بہانے سے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے، بتایا جائے کہ ساڑھے پانچ ارب کہاں ہیں، اس سے تو پاکستان کی معیشت چل پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسے الزامات ہیں جو اربوں سے شروع ہوکر ایک مکان پر آجاتے ہیں، ہم تو عدالت میں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں ثبوت پیش کئے جائیں، ہم ان کے جھوٹے کیسز اور احتساب کو نہیں مانتے، علیمہ خان اور کسی حکومتی وزیر کے خلاف کارروائی شروع کیوں نہیں ہوئی۔ پی پی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت کے کئی وزراء اور مشیر نیب زدہ ہیں، مالم جبہ، بی آر ٹی سمیت کئی منصوبوں میں کرپشن کا انکشاف ہوا ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ شیری رحمان نے وفاقی حکومت کو انتقامی سرکار قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت، الزامات کی بنیاد پر رہنماؤں کو 90، 90 دن قید رکھنا روایت بن گئی ہے، آصف زرداری، خورشید شاہ، فریال تالپور اور سراج درانی سمیت دیگر رہنماؤں کو بلاوجہ قید میں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ حکومت نے لیا ہے، یہ صرف گالی گلوچ کی سیاست جانتے ہیں، نیشنل اسمبلی کا دو دن کا اجلاس ہوتا ہے، اس میں بھی حکومتی ارکان گالی گلوچ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پارلیمان کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ 70 دن سے بغیر ریکوزیشن سینیٹ کا اجلاس نہیں بلایا جارہا ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسی پر اپوزیشن متحد ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کو پتہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن انہیں گھر بھیج دے گا، عمران خان نے الیکشن کمیشن کو لکھا ہے کہ وہ انہیں جواب دہ نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 831311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش