0
Friday 13 Dec 2019 19:03

 لاہور واقعہ میں وزیراعظم کے رشتہ دار بھی ملوث ہوں تو انتظامیہ پر کاروائی کی کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں، شاہ محمود قریشی 

 لاہور واقعہ میں وزیراعظم کے رشتہ دار بھی ملوث ہوں تو انتظامیہ پر کاروائی کی کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم امہ کو یکجا کرنا چاہتا ہے، پاکستان کا رویہ ہمیشہ مسلم امہ کو ایک کرنے کا رہا ہے، اس سلسلے میں پاکستان کے علاوہ تمام مسلم ممالک کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کے ترکی، ملائیشیا، ایران اور سعودی عرب کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت نے جو سٹیزن بل پاس کیا اس میں مسلمانوں سے امتیازی سلوک برتا گیا ہے، بنگلہ دیش نے بھی اس قانون پر بھارت سے احتجاج کیا ہے، بھارت کا یہ قانون انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، کشمیر میں 134 دن سے کرفیو پر پاکستان کو تشویش ہے، ہماری کوشش ہے کہ پوری دنیا کو ہندوستان کی بربریت کے بارے میں آگاہ کریں۔ پاکستان کے مفادات کا دفاع صرف میری اور حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کی خواہش رکھتے ہیں، افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا، زلمے خلیل زاد سے افغانستان میں امن کے حوالے سے بات چیت ہوئی، زلمے خلیل زاد نے دوبارہ امریکہ طالبان کے مذاکرات بارے بتایا ہے، مجھے اس نشست بارے اعتماد میں لیا اور بتایا کے مذاکرات کہاں تک پہنچے، امریکہ اور افغان طالبان کے مذاکرات کے بعد ہم دو طرفہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، میں ترکی میں تھا وہاں بھی تمام ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ افغانستان میں امن ہونا چاہئے، پاکستان کے افغان امن کے عمل کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابل میں جو اجلاس ہونے جا رہا ہے وہاں پر دوطرفہ تجارت کو بڑھانے پر بات ہوگی، پاکستان نے افغانستان کے الیکشن میں کوئی مداخلت نہیں کی بلکہ تعاون کیا، انہوں نے کہا ہم نے افغانستان کے سخت سوالات کا بھی کبھی جواب نہیں دیا، پاکستان نے افغانستان کی خواہش پر طورخم بارڈر 24 گھنٹے کے لیے کھول دیا۔

وکلا کے پی آئی سی پر حملے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں وکلاء اور ڈاکٹروں کے درمیان تصادم کی خبروں سے سب کو صدمہ ہوا، وکیل اور ڈاکٹر کی لڑائی سے عام شہری متاثر ہورے ہیں، امید ہے کہ ان دونوں فریقین کے درمیان جلد معاملات حل ہونگے، یہ مسئلہ مزید ابھرا تو بے قصور لوگ متاثر ہوں گے، خان صاحب نے کسی وکیل کی گرفتاری میں رکاوٹ نہیں ڈالی، خان صاحب نے اپنے بھانجے کے متعلق کوئی احکامات نہیں دیئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور واقعہ میں وزیراعظم کے رشتہ دار بھی ملوث ہوں تو انتظامیہ پر کاروائی کی کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے اور نہ ہی کسی قسم کا دباو ہے، جس نے بھی قانون ہاتھ میں لیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ ہم سے پاکستانی اکاونٹ کی معلومات شیئر کرے گا یہ خوش آئند ہے، اگر کسی نے جائز ذرائع سے پیسہ کمایا اور قانونی طریقے سے رقم باہر بھیجی ہے تو اس میں کوئی بری بات نہیں، تاہم منی لانڈرنگ یا ناجائز ذرائع سے اکٹھی کی گئی دولت کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے کہا کہ مولانا کی اپنی سوچ ہے وہ جو مرضی کہیں ان کو کون روک سکتا۔ انہوں نے پہلے بھی وزیراعظم کے استعفے کے حوالے سے دعوے کئے تھے وہ غلط ثابت ہوئے اور اب انہوں نے ایک ماہ کا کہا ہے یہ بھی غلط ثابت ہوگا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے علیحدہ سیکرٹریٹ کے جلد قیام کی بات سے متفق ہوں، اگر میرٹ اور اعداوشمار کو دیکھا جائے تو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ملتان شہر سب سے موضوع ہے۔

انہوں نے کہا الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کام کر رہی ہے، الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو مثبت رویہ اپنانا ہوگا، چیف الیکشن کمشنر کا معاملہ امید ہے خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا آرمی چیف کی توسیع کیلئے عدالت کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، تفصیلی فیصلے کے بعد اپوزیشن سے رابطہ کرنا پڑا تو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، اس سے ملکی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ ضرور مکمل ہوگا اس حوالے سے تمام افواہیں غلط ثابت ہوں گی۔ 
 
خبر کا کوڈ : 832517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش