0
Monday 16 Dec 2019 20:23

پنجاب سے منشیات فروشی روکنے کیلئے اے این ایف طرز پر فورس بنانے کا فیصلہ

پنجاب سے منشیات فروشی روکنے کیلئے اے این ایف طرز پر فورس بنانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ حکومت پنجاب نے صوبے میں اے این ایف کی طرز پر انسداد منشیات فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ ایکسائز نے پنجاب کابینہ برائے آسٹیریٹی کو سمری ارسال کی ہے کہ اس انسداد منشیات فورس کیلئے ڈویژن کی سطح پر ڈائریکٹوریٹ بنانے کی اجازت دی جائے۔ یہ ڈائریکٹوریٹ پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں قائم کیے جائیں گے۔ اس فورس کے تحصیل اور ضلع کی سطح پر انسداد منشیات تھانے بھی قائم کئے جائیں گے۔ ڈویژن میں اس فورس کی کمانڈ گریڈ 19 کا ڈائریکٹر کرے گا اور یہ پنجاب میں منشیات کے خاتمے کیلئے مقدمات درج کرائیں گے اور ان کے چالان عدالتوں میں پیش کرکے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کردار ادا کریں گے۔ دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کی زیرصدارت  اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کرنیوالوں کیخلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کرنیوالے ہمارے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں، یہ ہمارے مستقبل کیساتھ کھیل رہے ہیں ان کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے منشیات کے ناسور کو ختم کرکے ہی دم لیں گے۔
خبر کا کوڈ : 833129
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش