0
Saturday 21 Dec 2019 00:03

شامی افواج کی فتوحات کا سلسلہ جاری، ادلب کے مزید 3 گاؤں آزاد کروا لئے

شامی افواج کی فتوحات کا سلسلہ جاری، ادلب کے مزید 3 گاؤں آزاد کروا لئے
اسلام ٹائمز۔ شام کے صوبے ادلب میں شامی افواج اور عوامی اسلامی مزاحمتی فورسز نے بین الاقوامی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو پیچھے دھکیلتے ہوئے 3 مزید گاؤں پر اپنا کنٹرول واپس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز شامی افواج نے ادلب کے جنوبی حصے میں قابض تکفیری دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر وسیع بمباری کے بعد پیشقدمی کرتے ہوئے "ربیعہ"، "الخربۃ" اور "شعرۃ" نامی 3 گاؤں سے تکفیری دہشتگردوں کا قبضہ ختم کروا دیا، جس کے بعد تازہ ترین صورتحال کے مطابق اب ادلب کے جنوب مشرقی علاقوں میں جبہۃ النصرہ اور اجناد القوقاز نامی دہشتگرد گروہوں کیساتھ شامی افواج کی جھڑپیں جاری ہیں۔

دوسری طرف ہیومن رائٹس واچ نے رپورٹ دی ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف شامی افواج کی بمباری میں زیادہ تر التح، الشیخ ہائٹس، سحال، ام تینۃ اور الفرجہ میں موجود دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جسکے نتیجے میں 38 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ شامی فوج کی یہ کارروائی جو شامی اور روسی جیٹ طیاروں کے ذریعے انجام دی گئی، گذشتہ 3 روز سے جاری تھی۔

ذرائع کے مطابق اس وقت شامی افواج کیطرف سے زیادہ تر ادلب کے جنوبی علاقوں کو ہدف قرار دیا جا رہا ہے، جہاں جبھۃ النصرہ اور اجناد القوقاز نامی دہشتگرد قابض ہیں، جبکہ شامی افواج کی تازہ ترین پیشقدمی، جو رات گئے تک جاری رہی، کے دوران دوسرے علاقوں کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ادلب میں واقع "ام جلال" نامی شہر کو بھی آزاد کروا لیا گیا ہے، جو اجناد القوقاز گروپ کیساتھ تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے زیر کنٹرول جنوب مشرقی ادلب کے علاقوں خصوصاً معرہ النعمان کیلئے اہم ترین رسد لائن کا کردار ادا کر رہا تھا۔

خبر کا کوڈ : 833921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش