0
Monday 30 Dec 2019 09:08

جماعت اسلامی نے 2020ء کیلئے اسلامی نظام کا منصوبہ بنایا ہے، سراج الحق

جماعت اسلامی نے 2020ء کیلئے اسلامی نظام کا منصوبہ بنایا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بعد جماعت اسلامی نے بھی 2020ء سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی بھی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح درمیانی مدت کے انتخابات کے مطالبے پر غور کر رہی ہے۔ لاہور میں شوریٰ کے اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے کچھ رہنماؤں نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مشاورت کی تجویز بھی پیش کی۔ بعد ازاں مختلف رہنماؤں کو 2020ء کے وسط مدتی انتخابات کیلئے تنظیم سازی کا کام سونپ دیا گیا۔ اجلاس کے خاتمے کے بعد جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کرکردگی جانچنے کے لئے 15 ماہ بہت ہیں، جماعت اسلامی نے 2020ء کیلئے اسلامی نظام کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام سے نہ پاکستان ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی عوام، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے احتساب کو ہی مذاق بنا دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت نے نیب کے پر کاٹنے اور دانت نکالنے کی کوشش کی ہے، اس ادارے کو تمام جماعتوں نے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اب چلنے کے قابل نہیں رہی، مصنوعی اکثریت کے باعث اس کی کمزوری واضح ہے، لوگ ووٹ دیتے ہیں لیکن بعد میں انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  چند وزیروں اور مشیروں کی زندگی میں تبدیلی آئی لیکن عوام پس گئے، حکومت نے 70 لاکھ افراد کو غربت میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کھانے کی چیزوں میں 16.2 فیصد اضافہ ہوا ہے، تمام ادارے عوام کو فتح کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سرحد پر میزائل نصب کر رہا ہے اور ہمارے ادارے آپ میں دست و گریباں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 835522
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش