0
Thursday 2 Jan 2020 11:53

سابقہ ادوار میں بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے گئے، جسکا خمیازہ ہماری حکومت بھگت رہی ہے، عمر ایوب

سابقہ ادوار میں بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے گئے، جسکا خمیازہ ہماری حکومت بھگت رہی ہے، عمر ایوب
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے پاکستان مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بجلی کے منصوبوں کی حقیقت کھولتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے گئے، جس کا خمیازہ ہماری حکومت بھگت رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رینٹل پاور اسکینڈل کا خمیازہ ہم نے بھگتا، اس کو ہم اب ٹھیک کرکے آرہے ہیں، نون لیگ کی حکومت نے مصنوعی سہارے پر سب کچھ چلایا، معیشت کو مصنوعی سہارا کب تک دیا جا سکتا ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ نون لیگ کے وزیر خزانہ نے ڈالر کو مصنوعی سہارے پر رکھا، نون لیگ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہی نہیں کیا، جس کا خمیازہ ہم نے بھگتا، کیا نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے ادوار میں سرکلر ڈیٹ بڑا مسئلہ نہیں تھا، مہنگی بجلی کے منصوبے لگائے گئے، جس کا خمیازہ ہماری حکومت بھگت رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ذاتی فائدے کے لیے نون لیگ نے سستی کی بہ جائے مہنگی بجلی کے منصوبے بنائے، نوٹ چھاپ چھاپ کر ملک چلاتے رہے، معیشت کا بیڑا غرق کیا، مہنگی ایل این جی مسلم لیگ نون کے دور میں لائی گئی۔ وزیر توانائی نے نون لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کشمیر کاز کی پیٹھ میں بھی چھرا گھونپا، دنیا حیران تھی کہ پاکستان میں کشمیر کاز پر اپوزیشن کیا کر رہی ہے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں جس طرح تقریر کی، اس کی مثال نہیں ملتی، وزیراعظم نے مودی کے ہٹلر کے نقشِ قدم پر چلنے کی طرف توجہ دلوائی، آر ایس ایس کے نظریئے پر آج دنیا گفتگو کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں تھا، ن لیگ اور فضل الرحمان نے ڈھونگ رچایا، کرپشن کے کیسز کے علاوہ ن لیگ کے پاس کچھ اور تھا ہی نہیں، پاناما کے علاوہ ن لیگ کے پاس گفتگو کے لیے کچھ ہے ہی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 836034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش