0
Sunday 12 Jan 2020 18:32

نظریاتی و سیاسی تربیت کیلئے طلباء یونینز کی بحالی ضروری ہے، اکرم رضوی

نظریاتی و سیاسی تربیت کیلئے طلباء یونینز کی بحالی ضروری ہے، اکرم رضوی
اسلام ٹائمز۔ انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی نے کہا ہے کہ طلباء کی نظریاتی و سیاسی تربیت کیلئے طلباء یونینز کی بحالی ضروری ہے، حکومت طلباء برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے، فیسوں میں اضافہ تعلیم دشمنی ہے، غریب اور امیر طلباء کو یکساں تعلیمی سہولتوں کیساتھ ایک ہی نصاب ملک بھر میں پڑھانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایچی سن کالج اور ٹاٹ سکول کا فرق ختم کیا جائے، طلباء سیاست میں بیرونی سیاسی مداخلت فساد کا سبب بنتی ہے، حکومت طلباء کے جمہوری حقوق کا احترام کرتے ہوئے طلباء یونینز کے انتخابات کا اعلان کرے۔

اکرم رضوی کا کہنا تھا کہ طلباء یونینز نے ملک کو بہترین قیادت فراہم کی ہے، نصاب تعلیم اور نظام تعلیم کو نظریاتی اور اسلامی بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، تعلیمی بجٹ میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہائر ایجوکیشن کے فنڈز میں کمی کر کے تعلیم دشمنی کا ثبوت دیا ہے، ملک بھر کے وائس چانسلرز اور طلباء تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں طلبا یونینز کا ضابطہ اخلاق طے کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب لاہور میں مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے دیگر طلباء تنظیموں کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اکرم رضوی نے کہا حکومت عریانی و فحاشی کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے، نوجوان نسل کو گمراہی، بے مقصدیت اور بے راہروی سے بچانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے آئینی حقوق حاصل کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، بحالی طلباء یونینز کا سال ہے، طبقاتی نظام تعلیم نے غریب طالبعلم سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے، قوموں کے عروج و زوال میں نوجوان نسل نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ملک میں طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کرکے غریب اور امیر طلباء کیلئے یکساں تعلیمی سہولتوں کیساتھ پورے پاکستان میں لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 838045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش