1
Monday 13 Jan 2020 11:57
امریکہ مسلمانوں کا دشمن ہے، اس سے خیر کی امید رکھنا خود فریبی کے مترادف ہے

 ایران نے امریکہ کو فوری طور پر منہ توڑ جواب دیکر باعزت قوم ہونیکا ثبوت دیا ہے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

امریکہ کے دباو میں آکر اسلامی ممالک کیخلاف کوئی اقدام نہ اٹھائیں، ورنہ پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئیگا
 ایران نے امریکہ کو فوری طور پر منہ توڑ جواب دیکر باعزت قوم ہونیکا ثبوت دیا ہے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، عالم اسلام پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، عالم کفر مل کر مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کا بازار گرم کئے ہوئے ہے، کشمیر میں 150دن سے مظلوم کشمیریوں کا قتل عام ہو رہا ہے، روہنگیا میں 30 ہزار سے زائد مسلمان موت کے گھاٹ اتارے جاچکے ہیں، فسلطین میں اسرائیلی فوجیں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہیں، ہندوستان میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف ظلم و ستم کا بازار گرم کئے ہوئے اور امریکہ مودی کو تھپکی دے رہا ہے۔

اس وقت مسلمانوں کو متحد ہو کر عالم کفر کا مقابلہ کرنے کی اشد ضرورت ہے، لیکن افسوس کہ ہمارے حکمران مسلمانوں کو متحد کرنے کی بجائے امریکی مفادات کے محافظ بنے ہوئے ہیں، ملائیشیاء سمٹ میں پاکستان کو مسلمانوں کو متحد کرنے کا موقع ملا تھا، لیکن افسوس امریکہ اور امریکی اتحاد سعودی عرب کے کہنے پر وہاں نہ جا کر پوری قوم کو حکمرانوں نے شرمسار کیا، جس سے پوری دنیا میں پاکستان کی رسوائی ہوئی، جبکہ ایران نے جنرل قاسم سیلمانی کا بدلہ لینے کیلئے امریکہ کو فوری طور پر منہ توڑ جواب دے کر باعزت قوم ہونے کا ثبوت دیا ہے، بغداد میں دہشت گردی کا انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوچکا ہے، مگر امریکی مفادات میں اندھے حکمران اس واقعہ کی مذمت تک نہیں کرسکے ہیں، شام، لبییا، مصر، عراق، افغانستان میں امریکہ دہشت گردی کر رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیئے کے اپنے ملک کو بچائیں، ایک ٹیلیفون پر مشرف نے ہتھیار ڈال دیئے تھے، خان حکومت کو دو امریکی ٹیلیفون آچکے ہیں، ملک کی سالمیت سخت خطرات میں ہے، امریکہ کے دباو میں آکر اسلامی ممالک کے خلاف کوئی اقدام نہ اٹھائیں، ورنہ پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا، امریکہ مسلمانوں کو لڑا کر اپنے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے، جب بھی طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں، امریکہ کوئی نہ کوئی دہشت گردی کا کارنامہ انجام دے دیتا ہے، امریکہ مسلمانوں کا دشمن ہے، اس سے خیر کی امید رکھنا خود فریبی کے مترادف ہے، پاکستان کی سالمیت کو سخت خطرات لاحق ہیں، پورے عالم اسلام پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، امریکہ اور اس کے اتحادی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کے ذریعہ ملک کو امریکہ کی گود میں ڈال دیا گیا ہے، ملک معاشی تباہی سے دوچار ہے۔
خبر کا کوڈ : 838145
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش