0
Monday 13 Jan 2020 23:49

جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عظیم بلوچ دو ساتھیوں سمیت ٹریفک حادثے میں جاں بحق

جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عظیم بلوچ دو ساتھیوں سمیت ٹریفک حادثے میں جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر و سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ سندھ محمد عظیم بلوچ اپنے دو ساتھیوں سمیت اندرون سندھ کے شہر نواب شاہ کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے، حادثے میں ان کے دو ساتھی بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں نواب شاہ سول اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی سندھ نائب امیر عظیم بلوچ اپنی گاڑی میں اتوار و پیر کی درمیانی شب تحصیل محراب پور کے امیر نعیم احمد کمبوہ سے والد کی وفات پر تعزیت کے بعد نواب شاہ آ رہے تھے، اس دوران رات ایک بجے باندھی شوگرمل کے قریب ان کی گاڑی سڑک پر کھڑی گنے کی ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 55 سالہ محمد عظیم بلوچ، 42 سالہ امیر جماعت اسلامی شہدادپور عرفان احمد لاکھو اور چالیس سالہ رکن جماعت غلام رسول آرائیں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ کاکنان جمعیت جاوید عباسی اور حماد اللہ مجاہد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کیلئے سول اسپتال نواب شاہ منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی سول اسپتال نواب شاہ پہنچ گئے اور زخمیوں کی عیادت، جبکہ جانبحق افراد  کی میتوں کو انکے گھروں کو روانہ کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع نواب شاہ کے امیر سرور احمد قریشی، ضلع سانگھڑ کے امیر رفیق احمد منصوری اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت درجنوں عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے۔ جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی میتیں شہدادپور پہنچنے پر ماحول سوگوار ہوگیا، جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محمد عظیم بلوچ کی نماز جنازہ مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کی امامت میں میٹروول سائٹ ایریا کراچی میں جامع مسجد دارالسلام میں ادا کرنے کے بعد تدفین ان کے آبائی شہر شہدادپور میں قبرستان میں کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، نائب امراء عبدالغفار عمر، اظہارالحق، حلقہ کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، قیم محمد عبدلالوہاب، رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت جماعت اسلامی کے صوبائی، حلقہ کراچی کے رہنماﺅں، کارکنان، سیاسی و سماجی کارکنوں اور احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مرحوم محمد عظیم بلوچ دور طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے منسلک رہے، جمعیت سندھ کے ناظم اور جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اور شباب ملی سندھ کے صدر رہ چکے تھے، ان کے چھوٹے بھائی فرہاد گل جے آئی یوتھ سندھ کے صدر ہیں۔ مرحوم نے ایک بیٹی اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے محمد عظیم بلوچ کے ساتھیوں سمیت ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد عظیم بلوچ جماعت اسلامی کے مخلص، متحرک، جفاکش مجاہد کارکن تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اسلام کی سربلندی اور دینی کاموں کیلئے وقف کر رکھی تھی اور وہ آخری وقت تک جماعت اسلامی سے وابستہ رہے، مرحوم کی تنظیمی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صوبائی امیر شہدادپور میں شہداء کے گھروں پر جاکر لواحقین سے اظہار  ہمدردی، مرحومین کی مغفرت اور خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 838285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش