0
Saturday 18 Jan 2020 12:30
احتیاط اور صبر محفوظ سفر کی ضمانت ہیں

شہری ہائی اسپیڈ، اوورٹیکنگ اور رانگ وے پر گاڑی چلانے سے گریز کریں، سید کلیم امام

شہری ہائی اسپیڈ، اوورٹیکنگ اور رانگ وے پر گاڑی چلانے سے گریز کریں، سید کلیم امام
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں رانگ وے جانے پر پابندی کے بعد آئی جی سندھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہریوں کو رانگ وے پر گاڑی چلانے کی ممانعت کا پابند بنایا جائے۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ایک میٹنگ میں ہدایت کی کہ ڈی آئی جی ٹریفک سخت اقدامات اٹھا کر اس مہم کو مؤثر اور کامیاب بنائیں، شہریوں کو رانگ وے پر گاڑی چلانے کی ممانعت کا سختی سے پابند بنایا جائے، رانگ وے پر گاڑی چلانے کے نقصانات سے بھی شہریوں کو آگاہ کیا جائے۔ خیال رہے کہ اکتوبر 2018ء میں بھی سندھ پولیس نے دفعہ 279 کے تحت رانگ وے جانے والوں کو گرفتار کرنے کی مہم چلائی تھی۔ آئی جی سندھ نے شہریوں کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ رانگ وے اور ون وے کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں، شہری اپنے پیاروں اور دوسروں کو حادثات سے بچائیں، شارٹ کٹ اور جلد بازی اکثر جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔

سید کلیم امام کا کہنا تھا کہ شہری ہائی اسپیڈ، اوورٹیکنگ اور رانگ وے پر گاڑی چلانے سے گریز کریں، احتیاط اور صبر محفوظ سفر کی ضمانت ہیں۔ خیال رہے کہ سندھ پولیس نے رانگ اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا کل سے آغاز کر دیا ہے، مہم کے دوران چالان کرنے کی بجائے شہریوں کو گرفتار کر کے ان پر مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ گذشتہ روز ٹریفک پولیس کی رانگ وے کے خلاف مہم کے پہلے روز ہی 120 ڈرائیورز کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے گئے ہیں، اور 11 لاکھ 46 ہزار 650 روپے کے جرمانے کئے گئے۔
 
خبر کا کوڈ : 839183
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش