0
Sunday 19 Jul 2009 11:10

دہشتگرد گروپ پاکستان میں پل رہے ہیں،امریکہ بھارت کو 126جنگی طیارے دیگا،ہیلری کلنٹن

دہشتگرد گروپ پاکستان میں پل رہے ہیں،امریکہ بھارت کو 126جنگی طیارے دیگا،ہیلری کلنٹن
 نیو دہلی،ممبئی،واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات مسئلہ کشمیر کے ایجنڈے پر ہونے چاہئیں۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف ہے اور وہ اس لڑائی میں بھارت کے ساتھ ہیں۔ شدت پسندی کے خلاف لڑائی میں پاکستان نے بھی سخت اقدامات کئے ہیں۔ ہندوستان کے پانچ روزہ دورے پر آئیں ہلیری گزشتہ شب ممبئی پہنچیں۔ ان کا قیام ہوٹل تاج پیلس میں ہے اور وہیں انہوں نے رات گزاری، جہاں گزشتہ برس شدت پسندوں کا حملہ ہوا تھا جس میں ہوٹل سٹاف سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے دورہ بھارت کا آغاز ممبئی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کر کے کیا۔ اس تقریب میں بھارتی تاجروں کے ایک وفد نے بھی ان سے ملاقات کی۔ امریکی وزیر خارجہ نے ہلاک ہونیوالے افراد کے لواحقین سے ملاقات کر کے ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے ممبئی پر ہوئے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ امریکہ ہمیشہ سے دہشت گردی کے خلاف لڑائی لڑتا رہا ہے۔ ممبئی میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے اس بات سے انکار کیا کہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کے لیے امریکہ نے ان پر کسی طرح کا دباو ڈالا ہے۔ ہلیری نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے حق میں ہے لیکن وہ اس میں کسی طرح براہ راست ملوث نہیں ہے۔ دونوں ممالک نے گفتگو کا فیصلہ اپنے طور پر لیا ہے۔ امریکہ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے یہاں پل رہے دہشت گرد گروپوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کوشش کرنی ہو گی۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری نے ہوٹل تاج پیلس میں ہفتے کی صبح ہندوستان کے نامور صنعت کاروں سے ملاقات کی۔ صنعتکاروں سے گفتگو کے بعد ہلیری کلنٹن نے تاج ہوٹل اور ٹرائیڈینٹ ہوٹل کے سٹاف سے ملاقات کی جنہوں نے گزشتہ برس ممبئی پر ہوئے شدت پسندانہ حملوں کا مقابلہ کیا اور انہی ہوٹلوں میں پھنسے افراد کی جان بچائی۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ بھارت کو 126 جنگی طیارے فراہم کرنے کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان متعدد معاہدوں پر کام جاری ہے۔ ہلیری کے حفاظت کے لیے خود ایف بی آئی کے اہلکاروں نے ان کے اطراف حفاظت کی دو رنگ تیار کی ہے اور اس کے بعد ممبئی پولیس کے حفاظتی دستے مامور کیے گئے ہیں۔ دریں اثناء امریکہ کے نائب وزیر خارجہ رابرٹ بلیک نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر نہیں کرے گا۔ جنوبی ایشیاء کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی طویل المدتی حکمت عملی کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے خصوصی نمائندے کی تقرری کی حمایت نہیں کرتا۔

خبر کا کوڈ : 8397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش