0
Thursday 6 Feb 2020 09:53

یوم یکجہتی کشمیر، لاہور میں سکیورٹی انتظامات سخت رہے

یوم یکجہتی کشمیر، لاہور میں سکیورٹی انتظامات سخت رہے
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید کی ہدایت پر شہر بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقد ہونیوالی تمام تقاریب، ریلیوں اور سیمینارز کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات عمل میں لائے گئے تھے۔ تمام دن شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں اور مشکوک افراد کی سخت چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید اور ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید نے شاہراہ قائداعظم سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے نکالی جانیوالی ریلیوں کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید کو سکیورٹی اقدامات بارے بریفنگ دی۔

رائے بابر سعید نے پولیس افسران و جوانوں کو الرٹ ہو کر ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی طرح لاہور پولیس کا ہر افسر اور جوان کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ڈے کے موقع پر منعقدہ تمام پروگراموں کے شرکاء کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ رائے بابر سعید نے کہا کہ لاہور پولیس کا ہر سپاہی فرض کی ادائیگی کیساتھ ساتھ کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی پر زور حمایت کر رہا ہے لاہور پولیس نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھرپور تحفظ فراہم کرنے کیلئے مربوط سکیورٹی پلان مرتب کیا جس کے تحت 8 ایس پیز، 16 ایس ڈی پی اوز، 39 انسپکٹرز، 245 اَپر سب آرڈینیٹس اور 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوانوں نے ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔

مال روڈ پر فیصل چوک میں منعقدہ مرکزی یوم کشمیر ریلی میں شامل ہونے والے تمام شرکاء کو تین درجاتی سکیورٹی حصار سے مکمل چیکنگ کے بعد ہی ریلی میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ اینٹی رائٹ فورس، ایس ایس یو، ڈولفن سکواڈ،پی آر یو، ایلیٹ فورس کی ٹیموں اور پولیس کے دیگر یونٹس کے جوان ریلی کے روٹ اور ملحقہ مقامات پر سکیورٹی یقینی بناتے رہے۔ سادہ لباس میں ملبوس پولیس کے جوان بھی ریلی کے دوران مشکوک افراد پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ ریلی کے راستے میں آنے والی بلند عمارات کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 842936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش