0
Sunday 16 Feb 2020 01:52

افغانستان، پکنک سے واپس آنے والے 8 شہری فضائی حملے میں جاں بحق

افغانستان، پکنک سے واپس آنے والے 8 شہری فضائی حملے میں جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شورش زدہ ہمسایہ ملک افغانستان کے شہر جلال آباد میں پکنک سے واپس آنے والے شہریوں کی گاڑی کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 8 شہری ہلاک ہوگئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ افغانستان کے شمالی صوبے ننگر ہار میں اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری گاڑی سڑک پر پھنس گئی اور پھر ایک فضائی حملے کی زد میں آگئی۔ انہوں نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اس فضائی حملے کا اصل ٹارگٹ طالبان تھے جو سڑک پر اپنی چوکیاں بنانا چاہ رہے تھے لیکن بد قسمتی سے عام شہری اس حملے کی زد میں آگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک کے رشتہ دار طالب خان کا کہنا تھا کہ ان کے گھر والے تو سیر و تفریح سے گھر واپس آرہے تھے جب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں سب لوگ مارے گئے۔

ایک اور 70 سالہ رشتہ دار شاہ میر کا کہنا ہے کہ میرے گھر میں کوئی نہیں بچا سب کے سب مارے گئے۔ میرے تین بیٹے تھے تینوں مر گئے میرے 12 پوتے پوتیاں ہیں میں ان کو اکیلے کیسے پالوں گا؟۔ ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آئی ہے کہ یہ حملہ کس کی جانب سے کیا گیا، لیکن عموماً افغانستان میں فضائی حملے امریکا اور افغان فوج کی جانب سے ہی کیے جاتے ہیں۔ اس واقعے پر امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم معاملے کو دیکھ رہے ہیں جبکہ افغانستان میں وزارتِ دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ یہ فضائی حملہ افغان طالبان اور امریکا کے وزیرِ دفاع کے مابین تشدد میں کمی کے شرائط پر مبنی معاہدے کے بعد پیش آیا جس کے تحت 7 دن تک پر تشدد کارروائیوں سے گریز کیا جائے گا۔ لیکن یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا کہ پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے معاہدے پر عملدرآمد کب سے شروع ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 844844
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش