0
Tuesday 25 Feb 2020 22:45

بنوں، سنگدل باپ نے کمسن بیٹے کو گولی مار کر رات میں دفنا دیا

بنوں، سنگدل باپ نے کمسن بیٹے کو گولی مار کر رات میں دفنا دیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں 11 سالہ بچے کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس نے باپ کو گرفتار کر کے بچے کی لاش برآمد کر لی۔ تھانہ کینٹ پولیس کے مطابق بنوں کے علاقہ جامن روڈ میں 21 فروی کو والد نے اپنے 11 سالہ بچے عدنان کو قتل کیا اور خفیہ طریقے سے لاش کی تدفین بھی کر دی۔ اگلے روز کینٹ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر والد کامران کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا اور مجسٹریٹ کی احکامات پر مجسٹریٹ پولیس، ڈاکٹروں اور میونسپل  انتظامیہ کی موجودگی میں مقتول کی قبرکشائی کر لی۔ اس موقع پر ملزم کو بھی قبرستان لایا گیا جہاں اس نے قبر پر کھڑے ہو کر اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ پولیس نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو دوبارہ دفنا دیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ملزم نے اس واقعہ کے بعد اپنی بیوی کو بھی حبس بے جا میں رکھا اور اس کیلئے بھی پہلے سے کفن خرید کر رکھا تھا۔ مقتول کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا شوہر ایک سرکش انسان ہے، 10، 12 سال سے ہم پر مظالم ڈھا رہا ہے، اس دن بغیر کوئی وجہ بتائے اپنے بیٹے عدنان کو کمرے میں لے جا کر منہ پر تکیہ رکھا اور فائرنگ کر دی۔ خاتون نے کہا کہ ملزم نے مجھ پر پستول تان کر خاموشی اختیار کرنے کیلئے دباؤ ڈالا واقعہ کے بعد مجھے حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر کو رہا نہ کیا جائے کیونکہ اس نے میرے خاندان کو بھی مارنے کی دھمکیاں دے رکھی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 846750
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش