0
Wednesday 26 Feb 2020 12:34

این آر سی کیخلاف راجستھان میں غیرمعینہ مدت کا دھرنا، مظاہرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ

این آر سی کیخلاف راجستھان میں غیرمعینہ مدت کا دھرنا، مظاہرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ
اسلام ٹائمز۔ شہریت ترمیمی قانون، این آر سی  اور این پی آر کے خلاف بھارتی ریاستوں ہریانہ اور راجستھان کے میوات علاقوں میں بالترتیب 25 اور 20 دن سے غیرمعینہ مدت کا دھرنا جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مظاہرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ ہریانہ میں میوات کے بڑکلی چوک اور راجستھان کے میوات میں امروکا چوک پر مظاہرین پوری شدت کے ساتھ احتجاج کررہے ہیں۔ دونوں مقامات پر بھارت کے معروف سماجی کارکن شبنم ہاشمی متعدد سماجی کارکنوں کے ہمراہ پہنچیں اور مظاہرین سے خطاب کیا۔ بڑکلی چوک کے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شبنم ہاشمی نے کہا کہ این آر سی بی جے پی اور آر ایس ایس کا کوئی ایک دن کا منصوبہ نہیں ہے بلکہ یہ 1925ء سے ان کے دماغ کی پیداوار ہے، چونکہ اُس وقت آر ایس ایس کے قاتلوں نے گاندھی جی کا قتل کر دیا تھا، جس کی وجہ سے آر ایس ایس پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت آر ایس ایس اپنے آپ کو اتنا مضبوط نہ کرسکے کہ اس طرح کے قوانین کو ملک میں نافذ کروا دیں لیکن بعد میں انہوں نے اپنی پالیسی تبدیل کرکے بھارتی عوام کے دلوں میں نفرت بونے کا کام کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت کا بڑا طبقہ نفرت کی سیاست کا وقتی طور پر شکار نظر آرہا ہے لیکن آج اسی نفرت کے خلاف ہندوستان کے طول و عرض میں لوگ بلا تفریق مذہب و ملت اور قومیت شب و روز ایک کرکے سڑکوں پر اترے ہوئے ہیں اور حکومت کے ایسے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے کے لئے بچے، جوان، بزرگ اور خواتین سب مل کر لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شبنم ہاشمی نے یہ بھی کہا کہ میوات کے مختلف خاندانوں نے ملک کی آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور بہت سے میواتی آزادی کی لڑائی میں شہید ہوئے تھے تب جاکر ہمیں اس ملک میں آزادی جیسی نعمت میسر ہوئی تھی لیکن بدقسمتی سے بی جے پی اور اس کے سربراہان تمام حقائق کو اور آئین کے خلاف جا کر آج ہماری اس آزادی جیسی نعمت عظمیٰ کو چھیننا چاہتے ہیں، جس کا منصوبہ بی جے  پی پہلے سے ہی بنا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی ملک کی اتنی بڑی آبادی کو حراستی کیمپوں میں تو نہیں ڈال سکتے لیکن اتنا ضرور ہے کہ اس مذموم عمل کے ذریعے ہندوستان کے غریب اور کمزور اقلیتی عوام کے حق رائے دہی کو سلب کرنا چاہتے ہیں، جس کے خلاف ہم سڑکوں پر اترے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 846849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش